آپ سب کو کچھ سال قبل وائرل ہونے والی وہ ویڈیو تو یاد ہی ہوگی، جب ایک نجی پاکستانی ٹی وی چینل کے ایک رپورٹر کچھ لوگوں میں گھرے نظر آئے، جو رپورٹر کو کنفیوژ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف طرح کے فقرے بھی کَس رہے تھے۔ ان ہی میں سے ایک جملہ تھا ’مجھے انڈے والا برگر چاہیے۔‘
اُن صاحب نے تو یہ جملہ بول دیا، لیکن پاکستانی سوشل میڈیا کی تاریخ میں یہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رقم ہوگیا اور موقع بہ موقع لوگ ’انڈے والا برگر‘ کے گُن گاتے رہے۔
اب کامیڈین، مصنف اور ریپر علی گل پیر نے دوبارہ سے یہ موضوع چھیڑ کر پاکستانیوں کو ان کا پسندیدہ انڈے والا برگر یاد دلا دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ علی گل پیر نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ مختلف ریستورانوں میں جاکر وہاں ’انڈے والے برگر‘ کی بابت معلوم کرتے نظر آئے اور انہیں مایوسی ہوئی کیونکہ بڑے بڑے ریستورانوں کے مینیو میں اس ’مشہورِ زمانہ برگر‘ کا نام و نشان تک نہ تھا۔
یہی وجہ ہے کہ علی گل پیر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’مجھے انڈے والا برگر کون کھلائے گا؟‘
Mujhe #AndayWalaBurger kon khilayega? pic.twitter.com/OkCv2YJQPj
— Ali Gul Pir (@Aligulpir) March 25, 2019
بس ان کی یہ ٹویٹ کرنے کی دیر تھی کہ #AndayWalaBurger ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا اور لوگ دھڑا دھڑ اپنے خیالات کا اظہار کرنے لگے۔
مشہور برگر چین ’مکڈونلڈز‘ کی پاکستان میں موجود شاخ تک بھی اس ہیش ٹیگ کی بازگشت پہنچی اور انہوں نے علی گل پیر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’ہم نے آپ کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ اگر زیادہ لوگوں نے آپ کی حمایت کی تو آپ کو انڈے والا برگر ملے گا۔‘
We know you were messing @Aligulpir but we have taken you seriously. If you get enough people on your side, you will get #AndayWalaBurger
— McDonald's Pakistan (@McDonaldsPK) March 25, 2019
تاہم اس ٹویٹ سے یہ واضح نہیں ہو پایا کہ آیا مکڈونلڈز پاکستان صرف علی گل پیر کو ہی انڈے والا برگر فراہم کرے گا یا پھر اُس نے باقاعدہ طور پر اپنے میںیو میں یہ برگر شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ مکڈونلڈز سے اس بارے میں سوال کرتے نظر آئے۔
نجی ٹی وی چینل سے وابستہ ایک سپورٹس رپورٹر نے اپنی ٹویٹ میں پوچھا: ’کیا یہ امیروں کا انڈے والے برگر ہوگا؟‘
The elite form of Anday Waala Burger?
— Faizan Lakhani (@faizanlakhani) March 26, 2019
ایک خاتون نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ انہوں نے انڈے والا برگر بھی 499 روپے کا کروا دینا ہے، معصوم لوگوں کی یہ خوشی بھی چھین لینا۔‘
دیگر لوگوں نے بھی کھانے کی خواہش ظاہر کی اور مکڈونلڈ کو مخاطب کرکے لکھا: ’ہمیں بھی انڈے والا برگر کھلائیں۔‘
ایک اور ٹوئٹر صارف نے تو اسے پاکستان کا ’قومی برگر‘ ہی قرار دے ڈالا۔
actually the national burger of Pakistan #AndayWalaBurger
— tayyaba khan (@khantayyyaba) March 26, 2019
اب کوئی ٹوئٹر ٹرینڈ ہو اور اس پر میمز نہ بنیں، ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا۔
کسی نے ایک جوڑے کی تصویر شیئر کی، جس میں کسی بڑے ریسٹورنٹ کے مینیو میں انڈے والا برگر دیکھ کر ان کے تاثرات دیکھے جاسکتے ہیں۔