عید الاضحیٰ پر قربانی کے باعث لوگ گوشت کی نت نئے ڈشز بناتے ہیں اور اکثر لوگ بار بی کیو ،گوشت کا سالن یا دیگر طریقوں سے اسے پکاتے ہیں ۔
بلوچستان میں گوشت کو مختلف طریقوں سے پکایا جاتا ہے جس میں سجی ،روش سمیت دیگر طریقےموجود ہیں۔
کوئٹہ میں روش کے حوالے سے ایک مشہور ہوٹل کے شیف جمال عبدالناصر سمجھتے ہیں کہ روش بنانا آسان تو ہے لیکن اس میں مہارت کی ضرورت ہوتی ہے ۔
جمال عبدالناصر کے بقول روش کے لیے وہ دنبے یا بکرے کا گوشت استعمال کرتے ہیں ۔
جمال کے مطابق اس کو بنانے میں پیاز، ادرک اور نمک کے علاوہ سب سے اہم چیز اسے دم پر رکھنا ہے کیونکہ گوشت مختلف قسم کے ہوتے ہیں۔ کچھ نرم اوربعض سخت ہوتے ہیں جس کی وجہ سے زیادہ وقت دم پر رکھنے میں لگ جاتا ہے ۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جمال نے بتایا کہ وہ ابتدا میں گوشت کو دھوتے نہیں ہیں کیونکہ اگر گوشت کو دھویا جائے تو اس کا ذائقہ پھیکا پڑ جاتا ہے۔
جمال کے مطابق کوئٹہ اور بلوچستان میں روش کو لوگ مختلف طریقوں سے بناتے ہیں جس میں گھی والا اور سادہ دونوں ہوتے ہیں۔ لیکن ہم سادہ ہی بناتے ہیں جو ہماری پہچان بھی ہے۔
جمال نے بتایا کہ روش کی تیاری میں شیف جتنا گوشت کو نرم پکانے میں ماہر ہوگا اس کی ڈش اتنی ہی ذائقہ دار ہوتی ہے اور باقی اس کو مزید ار ادرک پیاز ہی بناتے ہیں ۔
گوشت سے بننے والی ڈش 'روش' ویسے تو سادہ سی ہے لیکن یہ اپنے بنانے کے طریقہ کار اور شیف اگر ماہر ہو تو لوگوں میں بہت پسند کی جاتی ہے ۔