پاکستان کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں مقامی پولیس کے مطابق جمعرات کو شکتوئی علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک لیفٹیننٹ سمیت تین سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
جنوبی وزیرستان کے ضلعی پولیس آفسر شوکت علی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ تین گاڑیوں پر مُشتمل سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ اس وقت بارودی سرنگ کا نشانہ بنا جب وہ لدھا سے شکتوئی جارہا تھا۔
ہلاک ہونے والوں میں لیفٹیننٹ ناصر خالد،نائک عمران اور سپاہی عثمان شامل ہیں۔ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ ناصر آئی ای ڈی دھماکے میں 'شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے'۔ ناصر رائل ملٹری اکیڈمی آسٹریلیا کے گریجویٹ اور والدین کے اکلوتے بیٹے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شکتوئی شمالی و جنوبی وزیستان کے سنگم پر واقع جنوبی وزیرستان کا ایک دشوارگزار پہاڑی سلسلہ ہے جوسابقہ طالبان کمانڈر بیت اللہ محسود کا آبائی گاؤں ہے اور وہ بھی اسی علاقے میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دو ہفتوں سے جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر حملوں میں تیزی لائی ہے اور دو ہفتوں کے دوران یہ چوتھا حملہ ہے، جس میں اب تک چھ سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 10سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔