پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ چھ علاقائی ایسوسی ایشنز کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کی تشکیل کے لیے 291 نوجوان کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں شرکت کے لیے مدعو کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ٹرائلز کا یہ سلسلہ 11 سے 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ان ٹرائلز کی نگرانی چار رکنی جونیئر سلیکشن کمیٹی کرے گی، جس میں سلیم جعفر، ثناء اللہ بلوچ، وجاہت اللہ واسطی اور توفیق عمر شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ٹرائل کے موقع پر تمام ٹیموں کے کوچز اور اسسٹنٹ کوچز بھی سلیکشن کمیٹی کی معاونت کریں گے، جس کے بعد قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس کے لیے سکواڈز کا اعلان کیا جائے گا۔
یہ ٹرائلز تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اہم سینٹرز میں دو دو روز تک منعقد کروائے جارہے ہیں۔
جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کی انڈر 19 ٹیموں کی تشکیل کے لئے ٹرائلز 11 اور 12 ستمبر تک بالترتیب ملتان اور ایبٹ آباد میں ہوں گے جبکہ سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی انڈر 19 ٹیموں کے لیے بالترتیب ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دو روزہ ٹرائلز 14 اور 15 ستمبر کو ہوں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ٹرائلز 17 سے 18 ستمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوں گے اور اسی طرح بلوچستان انڈر 19 ٹیم کے لیے کوئٹہ کے بگٹی سٹیڈیم میں شیڈول دو روزہ ٹرائلز 18 اور 19 ستمبر کو لیے جائیں گے۔
پی سے بی کے مطابق جن کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان کے لیے لازمی ہے کہ انہوں نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی ہو یا ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں منعقدہ انڈر 19 ٹورنامنٹس کھیلے ہوں یا یہ کھلاڑی ڈومیسٹک سیزنز 19-2018 اور 18-2017 میں منعقدہ انڈر 16 ٹورنامنٹس میں شریک رہے ہوں جبکہ ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ 19-2018 میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کووڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا، جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
قومی انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ اور قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹس 13 اکتوبر سے 29 نومبر تک لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔