’نند‘سے بھی 'خطرناک' کردار کرسکتی ہوں: فائزہ حسن

’شروع میں کرونا کا ڈر بھی تھا مگر پاکستان آنے کے چند دن بعد ہی خوف ختم ہوگیا اور اب ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں کرونا ہے ہی نہیں‘۔

پاکستان اداکارہ فائزہ حسن نے اگرچہ کام زیادہ نہیں کیا لیکن جتنا بھی کیا ہے جاندار اور یادگار کرداروں سے بھرا ہوا ہے، جن میں برنس روڈ کی نیلوفر، وجودِ لاریب کے علاوہ 2018 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’لوڈویڈنگ‘ میں ان کا کردار بہت پسند کیا گیا تھا۔

فائزہ حسن برطانیہ میں رہتی ہیں اور کام کے سلسلے ہی میں پاکستان آتی ہیں۔

ان دنوں وہ اپنے ڈرامے ’نند‘ کی عکاسی کے لیے کراچی میں موجود ہیں تو انڈیپینڈنٹ اردو نے ان سے اسی ڈرامے کے سیٹ پر خصوصی ملاقات کی اور ان کے اس 'خطرناک' کردار کے بارے میں استفسار کیا۔

فائزہ حسن نے کہا کہ وہ اس سے بھی زیادہ خطرناک کردار کرسکتی ہیں کیونکہ وہ اداکارہ ہیں اور یہ ان کا کام ہے، اگر انہیں معصوم عورت کا کردار دیا جائے گا تو وہ اسے بھی نبھائیں گی کیونکہ بطور اداکارہ یہ ان کا کام ہے کہ اپنے کردار کو 100 فیصد سے بھی بہتر ادا کریں۔

فائزہ حسن نے فلم لوڈ ویڈنگ میں بھی نند کا کردار کیا تھا، اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بہت مرتبہ اداکاروں کو ایک ہی رشتے کا کردار ادا کرنا پڑتا ہے مگر اس فلم کی نند اس ڈرامے کی نند سے بہت مختلف ہے۔ ’بحیثیتِ اداکار ہمیں مختلف کردار مختلف انداز میں کرنا ہوتے ہیں‘۔

پاکستان میں جاری اس بحث کے بارے میں کہ روایتی ساس اور نند کی کہانیوں سے پاکستانی ڈرامے کو آگے بڑھنا چاہیے، فائزہ کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی ہرج اور آگے بڑھنا چاہیے، لیکن پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ لوگوں میں صبر ختم ہوگیا ہے اور وہ مسئلہ دیکھتے ہی حل چاہتے ہیں، جب مسئلہ دکھائیں گے تو پھر ہی حل بھی دکھایا جا سکتا ہے۔

 پاکستان میں ان دنوں مقبولِ عام ترکش ڈرامے ارطغرل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’وہ ہمارا تو نہیں ہے نا، ہم دیکھ رہے ہیں اور دیکھنا چاہیے ، تاہم وہ ہمارا نہیں ہے، جبکہ ویب سیریز چڑیلز تو کسی حد تک ہماری جیسی کہانی ہے اور کسی حد تک نہیں ہے، لیکن یہ ڈراما (نند) تو بالکل ہمارے جیسا ہے۔ بلکہ اگر آپ یوٹیوب پر لوگوں کی رائے دیکھیں تو کئی نے لکھا کہ یہ تو ہمارےساتھ ہوچکا ہے‘۔

فائزہ حسن نے نند اس کردار اور لوڈویڈنگ کی نند کے کردار میں تقابل کرتے ہوئے کہا فلم کی نند تو غریب تھی جس کی زندگی کا مقصد شادی تھا اور وہاں جہیز کا بھی مسئلہ تھا، وہ ایک گاؤں کی غیر تعلیم یافتہ عورت تھی، جبکہ ڈرامے کی نند تو خوشحال ہے ، اس کے پاس سب کچھ ہے مگر وہ پھر بھی خوش نہیں ہے۔'

 اس ڈرامے ’نند‘ کی ایک خاص بات یہ ہے کہ فائزہ حسن اس میں ٹائٹل کردار کررہی ہیں جو ایک ولن کا کردار ہے جبکہ ڈرامے کے نام عام طور پر ہیروئین پر رکھے جاتے ہیں۔

اس ضمن میں فائزہ نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ ان کے ڈرامے کی وجہ سے یہ رویہ تبدیل ہورہا ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ایسے ہی کردار کا انتخاب کرتی ہیں جس کے گرد کہانی گھوم رہی ہو۔ خوبصورت لڑکا لڑکی کی کہانی تو ہر دوسرے ڈرامے میں دیکھنے کو مل جاتی ہے اس لیے میں ولن کے کردار کی پروا نہیں کرتی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فائزہ حسن نے خوبصورتی کے معیارات کی کبھی پروا نہیں کی اور ہمیشہ اس کے خلاف بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ارد گرد جو لوگ ہیں وہ انہیں اسی طرح دیکھتے ہیں اور ’یہی وجہ ہے کہ آپ میرا انٹرویو کررہے ہیں، میں یہ ڈراما نہیں کررہی ہوتی اور فلم نہ کی ہوتی‘۔

 ائزہ نے کہا کہ انہیں کبھی کسی نازک اندام کام کے لیے کہا بھی نہیں گیا اور انہیں اس کا معلوم بھی نہیں۔

 فائزہ حسن ڈراما سیریل ’نند‘ کے لیے پاکستان آئی تھیں مگر کرونا کی وجہ سے ڈرامے کی عکس بندی روک دی گئی تھی، اب وہ دوبارہ پاکستان آکر اس ڈرامے کو مکمل کروارہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس ڈرامے سے بہت سے لوگ وابستہ ہیں اس لیے انہیں یہ کام مکمل کرنا ہی تھا۔

’اگرچہ شروع میں کرونا کا ڈر بھی تھا مگر پاکستان آنے کے چند دن بعد ہی خوف ختم ہوگیا اور اب ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں کرونا ہے ہی نہیں‘۔

فائزہ نے بتایا کہ کیونکہ وہ گھریلو مصروفیات کی وجہ سے کم کام کرتی ہیں اس لیے اب تک انہیں کسی تلخ تجربے کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے، کیونکہ اداکاری ان کا شوق ہے اور وہ زیادہ کام کرنا چاہتی بھی نہیں ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی