بھارتی وزیراعظم نریندر دامودرداس مودی آج اپنا 70 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ ان کی زندگی کے 70 سالوں پر ایک مختصر نظر ڈالتے ہیں۔
بھارتی ریاست گجرات میں پیدا ہونے ہونے والے نریندر مودی نے بچپن میں والد کے چائے کے سٹال پر کام کیا اور بعد میں خود بھی ٹی سٹال چلایا۔
صرف آٹھ سال کی عمر میں ان کا تعلق انتہا پسند جماعت آر ایس ایس (راشٹریا سویم سیوک سنگھ) سے جڑ گیا تھا جو آج تک جاری ہے۔
18 سال کی عمر میں مودی کے والدین نے ان کی شادی کروائی مگر ان کے بھائی کے مطابق چونکہ شادی زبردستی کروائی گئی تھی لہٰذا وہ شادی کے بعد گھر چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک اپنی شادی کا ذکر نہیں کیا لیکن کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنی شادی کے بارے میں معلومات عام کیں۔
مودی نے 20 سال کی عمر میں آر ایس ایس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی، جس کے بعد 1985 میں45 سالہ مودی کو آر ایس ایس نے بھارتیہ جنتہ پارٹی میں بھیجا جہاں انہوں نے تیزی سے ترقی کی۔ وہ 2001 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ بنے اور 13 سال تک اس عہدے پر رہے۔ تاہم ان کا یہ دور حکومت تنازعات کا شکار رہا بالخصوص 2002 کے گجرات میں مسلم کش فسادات کی وجہ سے۔
بطور وزیر اعلیٰ جہاں ان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف ہوئی وہیں ناقدین نے انہیں ریاست میں تعلیم، غربت اور صحت کے شعبوں میں ناکام قرار دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مودی نے 64 سال کی عمر میں بھاری اکثریت سے عام انتخابات جیت کر وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالا اور گذشتہ سال دوبارہ بھاری اکثریت سے انتخابات جیت کر دوسری مدت حاصل کی۔
وہ جواہر لعل نہرو، اندرا گاندھی اور ڈاکٹر من موہن سنگھ کے بعد بھارت کے چوتھے سب سے طویل عرصے تک وزارت عظمیٰ کی کرسی سنبھالنے والے سیاست دان ہیں۔ مودی کی وزارت اعظمیٰ بھی تنازعات سے بھرپور ہے جس میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ، کشمیر میں مظالم میں اضافہ اور شہریت کے متنازع بل شامل ہیں۔
نریندر مودی کے والد دامودرداس مولچند مودی 1989 میں دنیا سے رخصت ہوئے جب کہ مودی کی 98 سالہ والدہ گاندھی نگر میں اکیلے رہتی ہیں۔ مودی ملکی اور عالمی سطح پر اپنے ہندو قوم پرست نظریات اور گجرات فسادات کی وجہ سے متنازع سیاست دان سمجھے جاتے ہیں۔