عربی اور ترک زبان بولنے اور پڑھنے والے افراد تک پیغام پہنچانے کے لیے وزیراعظم عمران خان کا عربی اور ترکی میں ٹوئٹر اکاؤنٹ بنایا گیا ہے۔
@ArabicIk کے ہینڈل کے ساتھ عربی میں اکاؤنٹ مئی 2020 میں بنایا گیا تھا اور اس اکاؤنٹ سے پہلی ٹویٹ 20 سمتبر کو کی گئی، جس میں اے آر وائی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کیا تھا۔
پروفائل میں دی گئی تفصیل کے مطابق اس اکاؤنٹ سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حوالے سے معلومات اور خبریں شیئر کی جائیں گی۔ اس اکاؤنٹ سے ابھی تک صرف دو اکاؤنٹس کو فولو کیا گیا ہے۔ ایک وزیراعظم عمران خان کا ذاتی اکاؤنٹ اور ایک وزیراعظم آفس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ۔
خبر کے فائل کرنے تک اس اکاؤنٹ سے ابھی تک 10 ٹویٹس کی گئی ہیں اور تمام کی تمام عربی زبان میں ہیں۔
دوسری جانب @IKturkish کے ہینڈل کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کا اکاؤنٹ نومبر 2018 میں بنایا گیا تھا، جسے فالو کرنے والے افراد کی تعداد سات ہزار سے زائد ہے۔
ان دونوں اکاؤنٹس پر وزیراعظم آفس کا ویب سائٹ ایڈریس بھی موجود ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو نے ان ٹوئٹر اکاؤنٹس کے بارے میں جاننے کے لیے وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے سربراہ عمران غزالی سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ یہ اکاؤنٹس اصلی ہیں۔
عمران غزالی کے مطابق عربی اکاؤنٹ کو وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد رضاکارانہ طور پر چلا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں مقیم سینیئر عرب صحافی بکر عطیانی کے مطابق: 'اس اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹس میں موجود زبان اتنی معیاری ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوئی مقامی عربی یہ ٹویٹس کر رہا ہے۔'
عمران غزالی نے مزید بتایا کہ 'یہ دونوں اکاؤنٹس عربی اور ترک زبان میں وزیراعظم کی سرگرمیوں بالخصوص اقوام متحدہ میں ہونے والی سرگرمیوں کا احاطہ کریں گے۔'