تفتیش کاروں نے سفارش کی ہے کہ کرکٹ ساؤتھ افریقہ اپنے برطرف کیے جانے والے سابق چیف ایگزیکٹو افسر تھبانگ مورو اور دوسرے افراد کے خلاف 21200 ڈالرز کی ایک ادائیگی میں بدعنوانی کا مقدمہ درج کروانے پر غور کرے۔
یہ ادائیگی ایسی کمپنی کو کی گئی تھی جو کسی قسم کی خدمات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔جنوبی افریقہ میں کرکٹ کے ادارے (سی ایس اے) نے پیر کو تحقیقاتی رپورٹ کا خلاصہ جاری کیا ہے۔ ابتدا میں اس نے آزادانہ طور پر ہونے والی تحقیقات کی اس رپورٹ کو عام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم حکومت اور عوام کے کئی ماہ کے دباؤکے بعد مختصر رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ میں کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سابق سربراہ پر غلط کاموں کے کئی الزامات لگائے گئے ہیں جن میں سے ایک ادائیگی میں ہونے والی بدعنوانی کا بھی ہے۔ سی ایس اے کو یہ رپورٹ جولائی میں موصول ہوئی تھی۔ اگست میں مورو کو'سنگین بدانتظامی' پر برطرف کر دیا گیا تھا تاہم اس سنگین بدانتظامی کی تفصیل نہیں بتائی گئی تھی۔
کرپشن کے الزام ایک فیس کے گرد گھومتے ہیں جو ایسے ٹھیکے دار کو ادا کی گئی، جس کا نام نہیں بتایا گیا۔ رپورٹ میں ٹھیکے دار کو'سروس پرووائیڈر ایکس' لکھا گیا ہے۔ مذکورہ ٹھیکے دار نے کارپوریٹ سپانسرشپ کے معاہدوں کے ذریعے پیسہ بنانے میں سی ایس اے کی مدد کرنی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مورو اور سی ایس اے کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر ناسیئی اپیا نے ٹھیکے دار سے معاہدے کی قیادت کی تھی۔ سروس پرووائیڈر ایکس نے دو لاکھ ڈالرز سے زیادہ وصول کیے لیکن ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ انہوں نے خدمات فراہم کی ہوں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تفتیش کاروں کے علم میں آیا ہے کہ مورو'خریداری کے طریقہ کار'پر عمل درآمد میں ناکام رہے۔ انہوں نے سفارش کی ہے کہ جنوبی افریقہ انسداد بدعنوانی قوانین کے تحت مقدمہ درج کروائے تاکہ پولیس ٹھیکے دار کے ساتھ کیے گئےمعاہدے کی مزید تحقیقات کر سکے۔
تفتیش کاروں کو یہ بھی پتہ چلا ہے کہ مورو نے جنوبی افریقہ کے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ'مزانسی سپر لیگ'کی مارکیٹنگ کے لیے سی ایس اے کی جانب سے ایک کمپنی کے ساتھ میڈیا اور اشتہاری حقوق کے معاہدے کے موقعے پر بھی غفلت کا مظاہرہ کیا۔ اس معاہدے کی وجہ سے سی ایس اے کو ساڑھے سات لاکھ ڈالرز کا نقصان ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ نقصان 16 لاکھ ڈالرز بھی ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مورو نے تقریباً چار ہزار ڈالرز کی شراب خریدنے کے لیے سی ایس اے کا کریڈٹ کارڈ استعمال کیا۔ سابق چیف آپریٹنگ آفیسراپیا کو بھی گذشتہ اگست میں برطرف کر دیا گیا تھا۔