برطانیہ کے ’حیران کن طور پر بہترین‘ ویکسین کے پچاس لاکھ آرڈر

امریکہ میں کرونا وبا پر کام کرنے والے ڈاکٹر اینتھنی فاؤچی نے موڈرنا کی نئی ویکیسین کے نتائج کو ’حیران کن طور پر بہترین‘ قرار دیا ہے جبکہ برطانیہ نے لاکھوں خوراکیں خرید لی ہیں۔

امریکی شہر ڈیٹروئٹ میں اگست میں ایک رضاکار کو موڈرنا کی تجرباتی ویکسین لگائی جا رہی ہے (اے ایف پی/ ہینری فورڈ ہیلتھ سسٹم)

دوا ساز کمپنی موڈرنا کی نئی ویکسین کے تجرباتی دور میں کووڈ 19 کے خلاف انتہائی موثر ہونے کی خبر کے سامنے آنے کے بعد وبائی امراض کے امریکی ماہر نے اسے ’حیران کن طور پر بہترین‘ قرار دیا ہے جبکہ برطانیہ نے اس کی پچاس لاکھ خوراکیں خرید لی ہیں۔ 

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق ڈاؤننگ سٹریٹ میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس کے دوران برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کاک کا کہنا تھا کہ اس ویکسین کے ابتدائی ٹرائلز کے نتائج ’بہت اچھی خبر‘ ہیں۔     

ویکسین بنانے والی فرم موڈرنا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ویکسین کی کامیابی کی شرح 94.5 فیصد رہی ہے۔

برطانوی حکومت نے ابھی تک زیر ٹرائلز ویکسین کا پیشگی آرڈر کر دیا ہے جس کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

دوسری جانب امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر اینتھنی فاؤچی نے اس ویکسین کے نتائج کو ’حیران کن طور پر بہترین‘ قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ ’مجھے یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ میں اس کے نتائج سے 70 سے 75 فیصد تک مطمئن ہوں۔ یہ خیال کہ ہمارے پاس ایک ایسی ویکسین ہے جو 94.5 فی صد تک موثر ہے ایک بہت زبردست بات ہے۔ یہ اتنے بہتر نتائج ہیں کہ جس کے بارے میں کسی نے امید بھی نہیں کی تھی۔‘

ڈاکٹر فاؤچی امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجیز اینڈ انفیکشیس ڈزیزز (این آئی اے آئی ڈی) کے سربراہ ہیں جس نے یو ایس بائیو ٹیک کمپنی کے ساتھ جنوری میں اشتراک شروع کیا تھا۔

سوموار کو موڈرنا اور این آئی اے آئی ڈی نے تیس ہزار رضاکاروں میں سے 95 پر ابتدائی ٹرائلز کے نتائج جاری کیے تھے۔

ان افراد کو کرونا (کورونا) وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ان ٹرائلز میں شامل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ کیا یہ ویکسین کووڈ 19 کے صرف درمیانے اور ابتدائی کیسز کے بجائے شدید کیسز کو روک سکے گی، اس بات کا بھی جواب سامنے آ گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک ہفتے قبل حریف ادویہ ساز کمپنی فائزر نے اپنی ویکسین کے اتنے ہی مؤثر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس خبر نے دونوں کمپنیوں کو امریکہ میں ویکسین کے ہنگامی استعمال کے لیے ہفتوں میں اجازت حاصل کرنے کے راستے پر ڈال دیا ہے۔

رواں ہفتے کے اختتام پر امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ پر پہنچ گئی جن میں سے 10 لاکھ صرف گذشتہ ہفتے ریکارڈ کیے گئے۔

دنیا میں وائرس کا شکار ہو کر اب تک 13 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دو لاکھ 45 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں۔ جبکہ برطانیہ میں بھی کرونا کیسز کی تعداد تیرہ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی 52 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت