صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل روڈی جولیانی کا کرونا ٹیسٹ مثبت

صدارتی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کے لیے گذشتہ ماہ سے ملک بھر کے سفر کے دوران 76 سالہ روڈی جولیانی ماسک کے بغیر بھیٹر والے کئی اجلاسوں میں شرکت کر چکے ہیں۔

روڈی جولیانی نیور یارک کے سابق میئر رہ چکے ہیں اور صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل ہیں (اے ایف پی فائل)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی وکیل روڈی جولیانی کا کرونا (کورونا) وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

گذشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کو ملک بھر کی عدالتوں میں قانونی طور پر چیلنج کرنے کی صدر ٹرمپ کی جنگ میں ان کے 76 سالہ ذاتی وکیل جولیانی حالیہ ہفتوں میں پیش پیش رہے ہیں۔

جولیانی ’فاکس نیوز‘ کے پروگرام ’سنڈے مارننگ فیچرز‘ میں اتوار کو شریک ہوئے جس میں انہوں نے میزبان ماریہ بارٹیرومو کو ریاستی پارلیمانوں کی جانب سے نتائج کو کالعدم قرار دینے اور نئے الیکٹرز منتخب کرنے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اسی روز صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا: ’نیو یارک کی تاریخ کے اب تک کے بہترین میئر روڈی جولیانی جو امریکہ کی تاریخ میں اب تک کے سب سے کرپٹ انتخابات کی سچائی سامنے لانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں کا چینی وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ جلدی سے ٹھیک ہو جائیں روڈی، ہم آگے بڑھتے رہیں گے!‘

(یاد رہے صدر ٹرمپ کرونا وائرس کو ’چینی وائرس‘ کہتے آئے ہیں۔)

تاہم صدر کی یقین دہانیوں کے باوجود جولیانی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے سے ان کے انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کے عمل میں خلل آیا ہے۔ اس سے قبل ان کی قانونی کوششوں کو لیڈ کرنے والے دو افراد ڈیوڈ بوسی اور کوری لیونڈاوسکی کو بھی پیچھے ہٹنا پڑا تھا جب ان کے کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے۔

روڈی جولیانی نے گذشتہ کچھ ہفتے ملک بھر کا سفر کرتے گزارے ہیں جس میں انہوں کئی ریاستوں میں، ان ڈور جگہوں پر بغیر ماسک کے لوگوں کے ہجوم کے اجلاسوں میں شرکت کی۔ اب انہیں قرنطینہ میں جانا ہوگا۔

وہ پیر کو ایریزونا کے شہر فینکس میں تھے، بدھ کو مشیگین اور جمعرات کو جارجیا میں تھے جہاں وہ ہوٹلوں میں اجلاسوں میں شریک تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے پہلے ہفتے میں وہ 25 نومبر کو پینسلوینیا کے گیٹیزبرگ ہوٹل میں تھے جہاں انہوں نے ایک اجلاس میں شرکت کی جس میں تقریباً کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا تھا۔ اس اجلاس میں شامل دو ری پبلکن سینیٹرز اب تک کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

ان میں شامل صدر ٹرمپ کے حامی اور اجلاس طلب کرنے والے ڈوگ ماسٹریانو کو ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بارے میں اس اجلاس کے کچھ گھنٹوں بعد وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں صدر کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران بتایا گیا۔

ان میں سے ایک اجلاس میں جولیانی، جو صدر ٹرمپ کی طرح ماسک پہنے ہوئے کم ہی دکھتے ہیں، نے ایک خاتون کو اپنا ماسک اتارنے کا کہا کیونکہ انہیں خاتون کی آواز نہیں آ رہی تھی۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا انہوں نے اب تک صدر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں ہونے والی 20 کرسمس پارٹیوں میں سے کسی میں شرکت کی ہے یا نہیں۔ ان پارٹیوں کی تصاویر میں کمروں میں بغیر ماسک کے مہمانوں کے ہجوم دیکھے گئے ہیں۔

نیو یارک کے سابق میئر کے بیٹے 34 سالہ اینڈریو جولیانی، جو وائٹ ہاؤس میں کام کرتے ہیں اور اکثر صدر کے گولف پارٹنر ہوتے ہیں، کا بھی اس ماہ کے آغاز میں کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ