مولانا طارق جمیل کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل

مولانا طارق جمیل نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی اطلاع دی اور چاہنے والوں سے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل گذشتہ سال دل کی تکلیف کے باعث بھی ہسپتال میں زیرعلاج رہے تھے (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

پاکستان میں کرونا (کورونا) وائرس کی دوسری لہر میں کیسز کی تعداد میں روز بروز تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب تک ملک میں ساڑھے چار لاکھ کے قریب افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 2362 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کیسز میں ملک کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل بھی شامل ہیں جن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مولانا طاروق جمیل نے ٹوئٹر پر ایک پیغام کے ذریعے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی اطلاع دیتے ہوئے اپنے چاہنے والوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی۔

کرونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد وہ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ کچھ روز سے ان کی طبعیت ناساز تھی جس کے بعد انہوں نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرویا جس پر ان میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد میں ڈاکٹروں کے مشورے سے وہ ہسپتال داخل ہو گئے جہاں اس وقت ان کا اعلاج جاری ہے۔

ان کی ٹویٹ پر اب تک ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کے پیغامات آ چکے ہیں جس میں ان کی جانب سے مولانا طارق جمیل کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ہے۔

مولانا طارق جمیل کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے والوں میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: ’مولانا طارق جمیل کی کرونا کے مرض سے جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 معروف عالم دین مولانا طارق جمیل گذشتہ سال دل کی تکلیف کے باعث بھی ہسپتال میں زیرعلاج رہے تھے اور بعد میں ان کی انجیوپلاسٹی کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اب تک پوری دنیا میں کئی معروف شخصیات کرونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں جن میں برطانوی وزیر اعظم اور امریکی صدر کے ساتھ ساتھ حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور اداکارہ ماہرہ خان بھی شامل ہیں۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی گذشتہ روز اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کو بتایا تھا کہ ان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اب تک پاکستان میں کل چار لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8832 ہے جن میں سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 اموات ہوئی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت