پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے۔
شاداب نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ پی سی بی کے ایک جاری بیان کے مطابق شاداب کا ایم آر آئی سکین جمعرات کو ترنگا میں کروایا جائے گا، جس کی رپورٹ کے بعد ہی ان کی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئے گی کہ انہیں کرکٹ میں واپسی کے لیے کتنا وقت درکار ہے۔
شاداب کے 26 سے 30 دسمبر تک ماؤنٹ منگنوئی میں شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہ ہونے پر ٹیم منیجمنٹ نے ظفر گوہر کو بطور متبادل سپنر پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
ظفر نے ہملٹن سے بذریعہ بس قومی ٹیسٹ سکواڈ کو ترنگا میں جوائن کیا۔ وہ ابتدائی طور پر پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے گذشتہ سال کھیلی گئی قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی طرف سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں 38 وکٹیں حاصل کی تھیں، وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے۔
رواں سال نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں انہوں نے مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ قائداعظم ٹرافی میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
25 سالہ سپنر اب تک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، وہ چھ مرتبہ ایک اننگز میں پانچ جبکہ دو مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔