سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی ویکسین لگوائے جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کرانے والے شہریوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی ولی عہد کو ویکسین لگوائے جانے کے بعد چند گھنٹوں کے دوران ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد میں بھی تین گنا اضافہ ہوچکا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب کی طرف سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات تک پانچ لاکھ افراد اپنی رجسٹریشن کروا چکے تھے لیکن ایک روز بعد جب شہزادہ محمد بن سلمان کی ویکسین لگوانے والی تصویر سامنے آئی تو اس تعداد میں پانچ گنا اضافہ دیکھا گیا۔
محتاط اندازے کے مطابق اب تک دس ہزار افراد کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ولی عہد کی طرف سے ملک میں کرونا وبا پر قابو پانے کی کوششوں اور ویکسینوں کی فراہمی میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کو جمعہ کی شام 'کوویڈ 19' کی ویکسین لگائی گئی تھی۔ ویکسین لگوائے جانے کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔