’پاکستان سعودی تعلقات مضبوط، اختلافات کی خبریں بے بنیاد‘

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہمیشہ سے مضبوط برادرانہ تعلقات رہے ہیں اور دونوں ممالک باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے تمام معاملات پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔

(اے ایف پی)

نئے سال کی پہلی پریس بریفنگ میں پاکستان کے دفتر خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور ریاض کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ ہفتے ہی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا ان کے ہم منصب فیصل بن فرحان آل سعود کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی سعودی وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

عرب نیوز کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ سعودی عرب کے توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے حکام بھی اس وفد کا حصہ ہوں گے تاکہ تیل و گیس سمیت دیگر شعبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔

جمعے کو دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب تعلقات میں بگاڑ کے بارے میں کسی بھی قسم کی متضاد رپورٹس کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہمیشہ سے مضبوط برادرانہ تعلقات رہے  ہیں اور دونوں ممالک باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے تمام معاملات پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے سٹریٹجک تعلقات ہیں۔ تقریبا 25 لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب میں مقیم ہیں جو پاکستان کی غیر ملکی ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے دو سال میں سعودی عرب کے پانچ دورے کیے ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں اسلام آباد کا دو روزہ دورہ بھی کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان