مردوں کے ون ڈے میچ کی پہلی خاتون امپائر

آسٹریلیا کی خاتون امپائر کلئیر پولوسک مردوں کے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دینے والی پہلی خاتون امپائر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے جا رہی ہیں۔

تصویر: آئی سی سی

آسٹریلیا کی خاتون امپائر کلئیر پولوسک مردوں کے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دینے والی پہلی خاتون امپائر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے جا رہی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق 31 سالہ کلئیر پولوسک ہفتے کو نیمبیا اور عمان کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ڈویژن ٹو کے فائنل میچ میں فیلڈ امپائرنگ کریں گی۔

کلئیر جو خود کرکٹ کی کھلاڑی نہیں ہیں لیکن وہ اس سے پہلے 2017 میں بھی نیو ساؤتھ ویلز اور آسٹریلیا الیون کے درمیان سڈنی میں ہونے والے میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔

پولوسک کہتی ہیں کہ ’میں بہت پرجوش ہوں کہ میں مردوں کے ایک روزہ میچ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی خاتون امپائر بننے جا رہی ہوں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم خواتین امپائرز کی حوصلہ افزائی کریں۔ کوئی وجہ نہیں کہ خواتین مردوں کے میچ میں امپائرنگ نہیں کر سکتیں۔ یہ  رکاوٹیں توڑنا  اور اس بارے میں شعور دینا بہت ضروری ہے۔‘

’امپائرنگ ایک ٹیم ورک ہے۔ میں ان تمام امپائرز کا شکریہ ادا کرتی ہوں جن کے ساتھ میں نے کام کیا اور ساتھ ہی اپنی فیملی اور دوستوں کای بھی شکر گزار ہوں، کیونکہ ان کے ساتھ کے بغیر آج کا میچ ممکن نہ ہوتا۔‘

پولوسک خواتین کے درمیان کھیلے جانے والے 15 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کر چکی ہیں۔ وہ 2018 میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان آئی سی سی وومن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل  اور آئی سی سی وومن ورلڈ کپ 2017 میں بھی امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ