زخموں سے چور بھارتی ٹیم نے تاریخ رقم کردی

اس جیت کا سہرا وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے سر جاتا ہے جن کی بے خوف بیٹنگ نے دنیا بھر میں کرکٹ دیکھنے والے شائقین کوششدر کر دیا ہے۔ ایک بے مثال اننگز ایک تاریخی جیت کا ہیرو!

(اے ایف پی)

برسبین ٹیسٹ کے آخری دن جب کھیل شروع ہوا تو کسی کے گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس کا نتیجہ آسٹریلیا کی شکست میں نکل سکتا ہے۔

ایک مضبوط بولنگ اٹیک کے خلاف اس کے ہوم گراؤنڈ پر 328 رنز کا ہدف اور میچ کے آخری دن کی وکٹ کو دیکھتےہوئیے کسی بھی ٹیم کے ذہن میں صرف ڈرا ہو جا نا ہی مقصد ہو سکتا ہے لیکن بھارتی ٹیم نے پانچ دن تک باقی رہنے  والی کینگروز کی برتری کوآخری گھنٹے خاک میں ملا دیا۔

اس جیت کا سہرا وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے سر جاتا ہے جن کی بے خوف بیٹنگ نے دنیا بھر میں کرکٹ دیکھنے والے شائقین کوششدر کر دیا ہے۔ ایک بے مثال اننگز ایک تاریخی جیت کا ہیرو!

آخری دن صبح جب میچ شروع ہوا تو بھارت کو ابتدائی لمحوں میں ہی روہیت شرما کا نقصان اٹھانا پڑا جس نے بھارتی کیمپ کوپریشان کر دیا۔

لیکن  آسٹریلیا کو پریشان اپنا تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والے نوجوان شبنم گل نے کیا جو بے خوفی سے بیٹنگ کرتے رہے اور لنچ تک تجربہ کار پجارا کے ساتھ سکور 83 تک لے گئے۔

لنچ کے بعد بھی بھارت کی ٹیم ڈرا کا سوچ رہی تھی لیکن شبنم گل کے 91 رنز کی اننگز نے دوسرے کھلاڑیوں کو حوصلہ دیا اور جیت کی خوشبو بھی سونگھنا شروع کر دی۔

کپتان اجنکیا رہانے نے بھی سوچا کیوں نہ جیت کی کوشش کی جائے وہ بھی تیز کھیلے اور 24 رنز کی اننگز سے حوصلہ بڑھا گئے۔

میچ کا سب اہم مرحلہ چائے کے وقفے کے بعد رشبھ پنت اور ماینک اگروال کی پارٹنرشپ سے شروع ہوا جب پہلی دفعہ کینگروز کےسامنے شکست کی ہوا چلنا شروع ہوئی۔

پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ہیزل ووڈ اور پھر ناتھن لائین جیسا سپنر بھی سارے حربے آزما کر رشبھ پنت کو آؤٹ نہ کر سکا۔

ہر گزرتا ہوا لمحہ شاید اتنی شدت سے آسٹریلینز نے گزشتہ دس سالہ کرکٹ میں نہیں دیکھا ہو گا جتنا برسبین ٹیسٹ میں دیکھ رہے تھے۔ ایک ایک اوور گنا جارہا تھا نظریں گھڑیوں پر اور دل کی دھڑکنیں تیز!

یہی حال کروڑوں بھارتی کرکٹ شائقین کا تھا جو ٹی وی سکرین پر ایک نئی تاریخ کا مسودہ پڑھ رہے تھے۔

کسی بھی بولر کی کوئی حکمت عملی کامیاب نہیں ہو رہی تھی اور رنز بڑھتے جا رہے تھے حتی کہ آخری گھنٹے میں آسٹریلیا نگییٹو بولنگ کرنے لگا تھا۔ وکٹ سے دور اور بلے باز کی پہنچ سے باہر!

آخری دس اووروں میں بھارتی بلے باز صرف جیت کا سوچ رہے تھے اور تین اوور ابھی باقی تھے کہ ہیزل ووڈ کو آخری چوکا رسید کر کے رشبھ پنت نے بھارتی ٹیم کو فتح دلا دی۔

89  رنز کی شاندار اننگز نے بھارتی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جس بے خوفی سے پنت نے بیٹنگ کی اس پر سوشل میڈیا پر طوفان مچا ہوا ہے۔

لٹل ماسٹر سنیل گواسکر نے ایک دن قبل ہی کہہ دیا تھا کہ میچ کا نتیجہ جو بھی ہو یہ ٹیم صدیوں یاد رہے گی۔

سچن ٹنڈولکر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ بھارتی ٹیم کو ہر سیشن میں ایک نیا ہیرو ملا۔  شبمن گل سے لے کر پنت تک ہر سیشن ہیرو بناتا رہا۔

خاموش کم گو کپتان اجنکیہ رہانے نے ثابت کردیا کہ وہ ایک جارحانہ کپتان ہیں جو صرف جیت کا سوچتے ہیں۔ 36 کے مختصر سکور پر پوری ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد پہلے ٹیسٹ کی شکست کو صرف دس دن میں دوسرے ٹیسٹ میں جیت میں جس طرح بدلا پھرسڈنی ٹیسٹ میں یقینی شکست کو روکا تو آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں سے میچ چھین کر سیریز کی جیت کی تاریخ رقم کر دی۔

اس جیت نے رہانے کو دنیا کے بہترین کپتانوں کے بیچ لا کھڑا کیا ہے ۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک زخمی ٹیم جس کی بولنگ لائن میں تجربہ مجموعی طور پر دس ٹیسٹ سے بھی کم ہو، جس کے بولروں کو ابھی ٹیسٹ کرکٹ کےاسرار و رموز بھی پتہ نہ ہوں، جس کی بیٹنگ لائن میں وراٹ کوہلی نہ ہو اور سارے اہم بولر زخموں سے چور ہوں اس کی برسبین ٹیسٹ جیت کو اگر صرف تاریخی جیت کہا جائے تو الفاظ چھوٹے ہیں اور خراج تحسین کم!

شاید جیت اس سے بھی کہیں زیادہ!

میچ میں جہاں رشبھ پنت کی کارکردگی تاریخی ہے وہیں نوجوان محمد سراج کی شاندار بولنگ بھی ہے جو باپ کی شفقت سے کچھدن قبل ہی محروم ہوئیے تھے اور جنازے کو کاندھا بھی نہیں دے سکے تھے لیکن اپنے حوصلوں سے زبردست بولنگ کرکے پانچ کھلاڑی آؤٹ کر گئے۔ ایک روز قبل پریس سے بات کرتے ہوئیے سراج کے الفاظ نے جہاں لوگوں کو رلا دیا تھا وہیں ٹیم کو مزید جوان بھی کردیا تھا۔

بھارت کی اس نوجوان کم تجربہ کار ٹیم نے رہانے کی قیادت میں ثابت کر دیا ہے کہ اگر حوصلے جوان ہوں اور عزم صرف جیت ہو تو  منزل تک پہنچنا مشکل نہیں ہوتا ہے لیکن اس کے لیے بے خوف اور نڈر کرکٹ کھیلنی پڑتی ہے  ذہن میں مثبت سوچ اور جیت کا عزم پیناممکن کو ممکن کر دکھاتا ہے۔

بھارتی ٹیم نے یہ میچ جیت کر دور حاضر کے سب ہی نوجوان کھلاڑیوں کو پیغام دے دیا ہے کہ اپنے حوصلوں کو جوان رکھو اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاؤ، پھر دیکھو کس طرح فتح کا ہما تمھارے سر پر بیٹھتا ہے۔

کیا پاکستان کی نوجوان ٹیم بھی اس سے کچھ سیکھے گی جس نے دس دن قبل ہی نیوزی لینڈ میں بغیر لڑے ہتھیار ڈال دیے تھے؟

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ