’اندازہ نہیں تھا میری ویڈیو بھارت اور پاکستان میں اتنا پیار بانٹے گی‘

سوشل میڈیا ’پاوری گرل‘ کے نام سے مشہور دنانیر مبین اپنی وائرل ویڈیو سے پاکستان اور بھارت میں یکساں مشہور ہوگئی ہیں۔

 اپنے دوستوں کے ساتھ نتھیاگلی کی سیر کو نکلی دنانیر مبین کے گمان میں بھی نہیں تھا کہ ان کی ایک چھوٹی سی ویڈیو انہیں نہ صرف کچھ ہی دنوں میں پاکستان اور بھارت میں ایک وائرل میم بنا دے گی بلکہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو بھی قریب لائے گی۔

دنانیر ان دنوں پاکستان اور بھارت میں سوشل میڈیا پر ’پاوری گرل‘ کے نام سے مشہور ہیں۔ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ ضلع ایبٹ آباد کے پر فضا مقام نتھیاگلی میں دوستوں کے ساتھ ہیں اور ’پارٹی‘ کو ’پاوری‘ کہہ رہی ہیں۔

ویڈیو میں اپنی گاڑی اور دوستوں کو دکھاتے ہوئے وہ کہتی ہیں: ’یہ ہماری گاڑی ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہو رہی ہے۔‘

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Dananeer | (@dananeerr)

انڈپینڈنٹ اردو سے ویڈیو پر بات چیت کرتے ہوئے دنانیر مبین نے بتایا کہ انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ ان کی ویڈیو ایسے وائرل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا: ’ہم نتھیاگلی میں تھے اور اپنا فون نکالا اور بس تفریح کے لیے میں نے ویڈیو بنائی۔ ویڈیو مجھے بہت اچھی لگی تو میں نے اپنے بلاگ پر اپلوڈ کی تاکہ لوگ بھی اس کو دیکھ کر انجوائی کریں۔‘

دنانیر سے جب پوچھا گیا کہ یہ ویڈیو بنانے کا مقصد کیا تھا، تو جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ لائٹ موڈ میں بنائی گئی ویڈیو تھی اور اس کے پیچھے کوئی اور مقصد نہیں تھا۔

پشاور کے ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی دنانیر نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں اے لیول کی تعلیم مکمل کی ہے اور وہ خود کو سوشل میڈیا پر کنٹینٹ کریٹر کے طور پر متعارف کرواتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کی یہ پانچ سیکنڈ کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سیلیبریٹیز سے لے کر عام شہریوں تک نے ان کی ویڈیو کی مختلف انداز میں نقل بنائی جبکہ ’پاوری ہو رہی ہے‘ کے نام سے ٹرینڈ بھی پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈز میں رہا۔

دنانیر کی ویڈیو کی شہرت میں اور بھی اضافہ تب ہوا جب پیروڈی بنانے والے بھارتی موسیقار یش راج مکھاٹے، جو خود ’رسوڑے میں کون تھا‘ کی وائرل پیروڈی ویڈیو سے مشہور ہوئے، نے اس کا استعمال کرتے ہوئے ایک بیٹ بنا ڈالی۔

جب بھارتی موسیقار نے اپنی ویڈیو اپلوڈ کی تو سرحد پار بھارت میں بھی ’پاوری ہو رہی ہے‘ ایک ٹرینڈ بن گیا۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ کئی سالوں سے چلی آئی کشیدگی کے بعد اس ویڈیو نے پہلی مرتبہ دونوں ممالک کو اس طرح ایک دوسرے سے ملایا ہے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے دنانیر نے کہا: ’مجھے اس بات کی اتنی خوشی ہے کہ میں بیان نہیں کر سکتی۔ اس سے اور خوشی کی بات کیا ہو سکتی ہے کہ ایک پانچ سیکنڈ کی ویڈیو دو ممالک، جن میں اتنی کشیدگی ہے، کے درمیان ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کی طرح آئی اور دونوں ممالک کے مابین اتنا پیار بانٹا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت زیادہ خوش ہیں کہ پاکستان سمیت پوری دنیا سے انہیں حوصلہ افزائی کے پیغامات مل رہے ہیں۔

’خواتین کی آواز بننا چاہتی ہوں‘

دنانیر چاہتی ہیں کہ وہ ان خواتین کی آواز بن سکیں جن میں ٹیلنٹ ہے لیکن معاشرتی دباؤ کے ڈر سے وہ آگے نہیں آنا چاہتی۔

اس بارے میں انہوں نے کہا: ’والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کی حدود بتائیں۔ ان کو اچھے اور برے کی تمیز سکھائیں اور  پھر ان کو آزادی دیں تاکہ وہ اپنے آپ کو ایکسپلور کر سکیں۔ بچوں کو دبا کر رکھنا کسی مسئلے کا حل نہیں کیونکہ پاکستان میں خواتین میں ٹیلنٹ ہے لیکن ان کو آگے نہیں آنے دیا جاتا۔‘

دنانیر کے یوٹیوب چینل کے32ہزار سے زائد فالورز ہیں۔ وہ یوٹیوب پر میک اپ کے حوالے سے ٹوٹوریل ویڈیوز بھی بناتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پیشہ ور میک اپ آرٹسٹ نہیں ہیں لیکن دیکھنے والوں کی درخواست پر وہ ان کو میک اپ کے حوالے سے  ٹپس دیتی ہیں۔

ان سے پوچھا گیا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شوبز انڈسٹری یا میڈیا سے کوئی آفر آئی؟ اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’آفر آئی ہے لیکن میں اپنے بلاگز اور کونٹینٹ کریئر کی کام تک محدود رہوں گی۔ ابھی تک شوبز میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں، بلاگز جاری رکھوں گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ