پی ایس ایل 6 کا دوسرا دن: لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کامیاب

اتوار کو کھیلے جانے والے دونوں میچوں  میں پہلے فیلڈنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

(تصاویر: اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے دن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے اپنے حریفوں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اچھی شروعات کی۔

اتوار کو کھیلے جانے والے دونوں میچوں  میں پہلے فیلڈنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

 لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی

پہلا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں لاہور نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر امام الحق پہلی ہی گیند پر صفر پر شاہین شاہ کا نشانہ بن گئے، انہیں بین ڈنک نے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کیا۔

دوسرے اوپنر کامران اکمل بھی پانچ رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان بلے باز حیدر علی بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

اس موقعے پر شعیب ملک اور روی بوپارہ نے اننگز کو سنبھالا تاہم شعیب ملک 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ بعدازاں ردھرفورڈ اور عماد بٹ کے ساتھ مل کر روی بوپارہ نے سکور 140 تک پہنچا دیا۔ روی بوپارہ نے 50 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

لاہور کی طرف سے شاہین شاہ نے عمدہ بولنگ کی اور 14 رنز دے کر تین اہم وکٹ حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ بھی ہدف کے تعاقب میں نشیب وفراز کا شکار رہی۔ پہلی تین وکٹیں 53 رنز پر گر گئی تھیں تاہم تجربہ کار محمد حفیظ نے بین ڈنک کے ساتھ 36 رنز کی پارٹنر شپ کرکے جیت کاسفر جاری رکھا۔

 لاہور قلندرز کی چھ وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں پشاور کی توقعات بڑھ گئی لیکن راشد خان کے ساتھ 39 رنز کی شراکت نے میچ کو پشاور سے بہت دور کردیا۔

میچ کا فیصلہ 19ویں اوور لاہور کی جیت کی صورت میں ہوگیا۔ لاہور کے شاہین شاہ کو عمدہ بولنگ پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ ملتان سلطانز

دوسرا میچ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملتان کی کپتانی نئے کپتان محمد رضوان نے سنبھالی۔ ملتان نےحیرت انگیز طور پر سابق کپتان شان مسعود کو ڈراپ کردیا حالانکہ انہوں نے پچھلے سیزن میں ملتان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنائے تھے اور اپنی کپتانی سے ٹیم کو پلے آف مرحلے تک پہنچایا تھا۔

اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر توقعات کے مطابق پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ مصنوعی روشنیوں میں ہونے والے میچ میں اسلام آباد کے فہیم اشرف نے ملتان کے کرس لن کو  دوسرے ہی اوور میں آؤٹ کر دیا۔ وہ صرف ایک رنز بنا سکے۔

تاہم اس کے بعد کپتان محمد رضوان نے پہلے جیمس ونس اور پھر ریلی روسو کے ساتھ بالترتیب 48 اور 35 رنز کی پارٹنرشپ کرکے ملتان کی اننگز کوسنبھال لیا ۔

محمد رضوان کی 71 رنز کی اننگز کے باوجود ملتان کی ٹیم صرف 150  رنز ہی بناسکی جو ایک مرحلے پر ایک بڑا سکور ممکن نظر آرہا تھا ۔

اسلام آباد کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد وسیم نے اچھی بولنگ کی اور 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایک موقعے پر ہیٹ ٹرک کر سکتے تھے جب انہوں نے دو مسلسل گیندوں پر رضوان اور شاہد آفریدی کو آؤٹ کردیا تھا تاہم تیسرا کھلاڑی آؤٹ نہ کرسکے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ بھی ہدف کے تعاقب کے دوران اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔

اوپنر ایلکس ہیلز اور فل سالٹ نے پہلی وکٹ کے لیے 30رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اگلے آنے والے بلے باز کپتان شاداب خان، حسین طلعت، آصف علی اور افتخار احمد صرف 43 رنز کااضافہ کرسکے اور جلدی آؤٹ ہوگئے ۔

11 اوورز میں 74 رنز پر چھ وکٹوں کے نقصان نے ملتان کو جیت کی امیدیں دلادی، لیکن انگلینڈ کے لیوس گریگوری نے صرف 31 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیل کر اسلام آباد کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔

فہیم اشرف نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 22 رنز کی انفرادی اننگز کے ساتھ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد کی جیت کے صحیح معمار گریگوری تھے جنہوں نے سہیل تنویر کے آخری اوور میں 19 رنز لے کر ایک اوور پہلے ہی میچ ختم کردیا۔

 گریگوری شاندار بیٹنگ پر مین آف کا میچ قرار پائے۔  

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ