نواز شریف کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں: عسکری ذرائع

ن لیگ کے قائد نواز شریف نے سوشل میڈیا پر تین جرنیلوں کا نام لے کر دعویٰ کیا کہ مریم نواز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، تاہم عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ ان الزامات میں صداقت نہیں۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام میں میاں نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز کو کہا گیا ہے کہ اگر وہ باز نہ آئیں تو انہیں نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔(سکرین گریب)

عسکری ذرائع نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ گذشتہ رات پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں مریم نواز شریف کو مبینہ دھمکیاں دینے کا جو الزام لگایا ہے اس میں کوئی صداقت نہیں۔

نواز شریف نے رات گئے ٹوئٹر پر لندن سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ مریم نواز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے تین جرنیلوں کا نام لے کر کہا کہ ’اگر مریم کو کوئی نقصان پہنچا تو عمران خان کے علاوہ اس کے ذمہ دار یہ ہوں گے۔‘

نواز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کو کہا گیا کہ اگر وہ باز نہ آئیں تو انہیں نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔

فوج کے تعلقاتِ عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے ابھی تک باضابطہ طور پر اس پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم عسکری ذرائع نے نواز شریف کے بیان کو غلط قرار دیا ہے۔ 

نواز شریف نے کہا کہ ’سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار کی شکست کے بعد اعتماد کا ووٹ لینے میں جس طرح سلیکٹڈ کی مدد کی گئی کیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے؟‘

ان کے مطابق: ’ڈسکہ کا الیکشن عام انتخابات کا ری پلے تھا جس میں دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے۔ پھر کہا جاتا ہے کہ ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

’پاکستان کے سیاسی نظام اور اخلاقیات کو روندتے ہوئے پہلے کراچی میں چادر چاردیواری کو تقدس پامال کیا اور مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا۔ اب انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ اگر وہ باز نہ آئیں تو انہیں ’سمیش‘ (smash) کر دیا جائے گا۔‘

سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’مریم نواز جس جرات کے ساتھ عوام کی حق حکمرانی اور ’ووٹ کو عزت دو‘ کی جنگ لڑ رہی ہیں، ان کی حفاظت اللہ کرے گا۔‘ 

نواز شریف نے کہا وہ تنبیہ کرنا چاہتے ہیں کہ ’اگر کسی نے کوئی مذموم حرکت کی تو اس کے ذمہ دار عمران خان کے علاوہ (تین جرنیل) ہوں گے۔ یہ سنگین جرم ہے جس کا بہت جلد حساب دینا پڑے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ نواز شریف کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ 

اس سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سینیٹر حافظ عبدالکریم کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی کہ ن لیگی سینیٹروں کو فون کر کے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو ووٹ دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

تاہم حکمران جماعت کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے پی ڈی ایم کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ڈی ایم اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر نہ ڈالے۔ انہیں پہلے عوام نے مسترد کیا پھر خرید و فروخت کے ذریعے اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کی۔‘

فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ن لیگ بھی عجیب ہی سیاست کر رہی ہے، جہاں جیت جائیں نظریے کی جیت، ہار جائیں تو اداروں پر تنقید شروع کر دیتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ اداروں کو بدنام کرنے سے ہی ن لیگ کی سیاست ختم ہوئی ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو لوگ انہیں مسترد کر دیں گے۔

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ سینیٹر ہی کامیاب ہوں گے۔ 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان