پاکستان کی کرونا سے شدید متاثرہ ممالک پر سفری پابندیاں

جن ممالک پر پابندی لگائی گئی ہے، ان میں برازیل، کولمبیا، پیرو، گھانا، تنزانیہ، زیمبیا اور جنوبی افریقہ سمیت 12 ممالک شامل ہیں۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ایک منظر (فائل تصویر: اے ایف پی)

پاکستان نے کرونا (کورونا) وائرس سے شدید متاثرہ ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں پر ملک کے لیے سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔

جن ممالک پر پابندی لگائی گئی ہے، ان میں برازیل، کولمبیا، پیرو، گھانا، تنزانیہ، زیمبیا اور جنوبی افریقہ سمیت 12 ممالک شامل ہیں۔

سول ایوی ایشن (سی اے اے) کی جانب سے جاری کیے گئے اس اعلامیے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے آنے والے دورہ جنوبی افریقہ کے حوالے سے سوال کھڑے ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے روانہ ہوگی۔

انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار فاطمہ علی نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان سمیع برنی سے رابطہ کیا، جنہوں نے بتایا کہ ’سول ایوی ایشن نے 12 ملکوں سے فلائٹ آنے پر پابندی لگائی ہے جانے پر نہیں۔ دوسری بات یہ کہ ہماری ٹیم کو چارٹرڈ طیارے سے جانے کی کلیئرنس ملی ہوئی ہے اور چارٹرڈ طیارے پر کوئی پابندی نہیں، لہذا ٹیم اپنے شیڈول کے مطابق جائے گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ٹیم کی واپسی بھی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 12 مئی کو زمبابوے سے متوقع ہے۔‘

سی اے اے کی جانب سے نظرثانی شدہ احکامات میں کہا گیا کہ ’کووڈ 19 کے پاکستان میں پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے تسلسل کے حوالے سے عارضی اقدام متعارف کروائے جا رہے ہیں۔‘

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز، پاکستان اوریجن کارڈ ہولڈرز اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قومی شناختی کارڈ رکھنے والوں (این آئی سی او پی) کو دی گئی تمام چھوٹ واپس لے لی گئی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مہلک وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر تمام بین الاقوامی مسافروں یا چارٹرڈ نجی طیاروں کی پروازوں میں آنے والے تمام افراد کے لیے زمرہ جات اے، بی اور سی کیٹیگری میں ممالک کی فہرست میں ترمیم کی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی کیٹیگری برازیل، کولمبیا، پیرو، گھانا، تنزانیہ، زیمبیا اور جنوبی افریقہ سمیت 12 ممالک شامل ہیں۔ وہاں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کیسز کی وجہ سے ان ممالک کے مسافروں کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سی اے اے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ اے کیٹیگری میں شامل 20 ممالک کے مسافروں کو کرونا وائرس ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔ اس فہرست میں شامل ممالک میں آسٹریلیا، بھوٹان، چین، میانمار، نیوزی لینڈ، سنگاپور، سعودی عرب، اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

بیان کے مطابق بی کیٹیگری ممالک کے مسافروں کے لیے پاکستان آمد سے 72 گھنٹے قبل کرونا وائرس ٹیسٹ لازمی قرار دے دیئے گئے ہیں۔

سی اے اے کے بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ کو سی کیٹیگری سے ہٹا کر بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر ممالک ابھی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئے احکامات 23 مارچ سے 5 اپریل تک لاگو ہوں گے۔

پاکستان اس وقت کرونا وائرس کی تیسری لہر کا مقابلہ کر رہا ہے جسے ماہرین صحت نے زیادہ مہلک اور خطرناک قرار دیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے 3،677 نئے کیسز کے ساتھ پاکستان میں وبا پھیلنےکی شرح 8.7 فیصد پہنچ گئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان