اسلام آباد اور مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے جن اضلاع میں کرونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں 11 اپریل تک سکول بند رہیں گے۔

فیصلے کا اعلان وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی کے اجلاس کے بعد بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کیا (شفقت محمود/ فیس بک)

پاکستان میں کرونا (کورونا) وبا پر قابو پانے کے لیے بنائے گئے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے وبا کی تیسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کے مدنظر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مخصوص اضلاع اور اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کو 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصلے کا اعلان وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی کے اجلاس کے بعد بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ جن اضلاع میں کرونا وائرس کے کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔ ان اضلاع اور شہروں کا فیصلہ متعلقہ صوبوں کی حکومتیں اور مقامی انتظامیہ کرے گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ پنجاب کے چند اضلاع خاص طور پر لاہور میں بیماری کا پھیلاؤ تشویش ناک ہے، اس لیے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم انہوں نے کہا کہ سکولوں کی انتظامیہ اساتذہ کو سکول بلانا چاہیں تو یہ ان کا اختیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جانتی ہے سکولوں کو بند کرنے سے تعلیم کا نقصان ہوتا ہے مگر بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس پر رسک نہیں لیا جا سکتا۔ 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے جبکہ کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہونے والے ہیں لیکن ان سے ایک اور میٹنگ کرکے کیمبرج سسٹم کا فیصلہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے حوالے سے این سی او سی کا اگلا اجلاس سات اپریل کو ہوگا۔ 

پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کے ایک بیان کے مطابق پنجاب کے نو اضلاع بشول لاہور، راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، گجرانوالہ، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات اور فیصل آباد میں سکول 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

ان کے مطابق پنجاب کے باقی اضلاع میں سکول ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کے ساتھ پرانے شیڈول کے مطابق ہی کھلے رہیں گے۔

‏دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کے مطابق پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، لوئر دیر، ملاکنڈ، سوات، نوشہرہ اور بونیر میں سکول 11 اپریل تک بند رہیں گے۔       

پاکستان میں کرونا وبا کی تیسری لہر عروج ہر ہے اور حکومتی اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3301 نئے کیس اور 30 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان