911 اہلکار پر مدد بھیجنے کی بجائے ناشتہ آرڈر کرنے کا الزام

911 کی اہلکار نے ہنگامی صورت حال میں کال کرنے والے شخص کو تین منٹ تک میک ڈونلڈ سے ناشتہ آڈر کرنے کے بعد جواب دیا۔

امریکہ میں 911 کسی بھی بھی ہنگامی صورت حال کے حوالے سے آگاہ کرنے اور مدد طلب کرنے کے لیے مختص کیا گیا نمبر ہے (اینواتو)

امریکی ریاست جارجیا کے ایک رہائشی نے اس وقت 911 پر کال کر دی جب انہیں شبہ ہوا کہ کوئی اس کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہے لیکن کال کے دوسری طرف موجود ڈسپیچر (ہنگامی صورت حال میں کال موصول کرنے اور متعلقہ ادارے کو کارروائی کرنے کی ہدایات دینے والے اہلکار) کو میکڈونلڈز سے ناشتہ آرڈر کرتے ہوئے سنا گیا۔

ڈیلن جانسن نے ویلنٹائنز ڈے پر911 پر اس وقت کال کی جب ان کی بیوی نے خوف ظاہر کیا کہ کوئی ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہا ہے۔ تین مختلف نمبرز آزمانے کے بعد آخرکار ان کا رابطہ ایک ڈسپیچر سے ہو گیا، جس کے بارے میں جانسن کا کہنا ہے کہ انہوں نے انہیں ناشتہ منگواتے ہوئے سنا۔

جانسن نے ڈبلیو ڈی بی جے سیون نامی نیوز چینل کو بتایا: ’میری بیوی نے صبح 9:30 کے قریب مجھے کال کی جب میں کام پر تھا اور بتایا کہ کوئی گھر کے آس پاس گھوم رہا ہے، دروازے کھٹکھٹا رہا ہے اور کھڑکیاں زور زور سے بجا رہا ہے۔‘

پھر جانسن نے پہلے چیتھم کاؤنٹی کے نان ایمرجنسی نمبر پر کال کی پھر تین بار 911 پر فون کیا۔

جانسن نے کہا: ’میں سخت گھبرا گیا تھا۔ میری بیوی میری پانچ ماہ کی بیٹی کے ساتھ گھر پر اکیلی تھی، میں گھر آ رہا تھا اور نہیں جانتا تھا کہ وہاں کیا دیکھنے کو ملے گا۔‘

رپورٹ کے مطابق کال لاگ کے جائزے سے پتہ چلا کہ جانسن نے چھ منٹ تک ایمرجنسی ڈسپیچر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی پھر وہ کال اٹھائی گئی تو جانسن کو ڈسپیچر کی آواز سنائی دی اور پھر انہوں نے سنا کہ وہ غالباً میک گرِڈل کا آرڈر دے رہی تھی۔

ڈسپیچر، جو پہلے میک گرِڈل کے بارے میں بات کر رہی تھیں، نے کال کے تین منٹ بعد اچانک کھانسنے کے بعد پوچھا: ’معذرت چاہتی ہوں آپ نے کیا کہا؟‘ جانسن حیرت زدہ رہ گئے۔

انہوں نے نیوز چینل کو بتایا: ’مجھے واقعی یقین نہیں آ رہا تھا۔ اگر یہ میرے ساتھ نہ ہوتا تو میں بھی یقین نہ کرتا کہ یہ کسی اور کے ساتھ ہوا ہے۔ یہ سب کچھ ناقابل یقین تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جانسن کے مطابق جب تک قانون نافذ کرنے والے اہلکار ان کے گھر پہنچے، مشتبہ شخص جا چکا تھا۔
چیتھم کاؤنٹی کے کمیشن چیئرمین چیسٹر ایلس نے ڈبلیو ڈی بی جے سیون کو بتایا کہ ڈسپیچر کے رویے کا اب ان کے سپروائزرز جائزہ لے رہے ہیں۔ جانسن کی کال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اہلکار ایک رپورٹ ایلس کو پیش کریں گے، جو پھر اس معاملے پر بورڈ آف کمشنرز سے بات کریں گے۔

واقعے میں ملوث ڈسپیچر کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی ہے لیکن اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

دی انڈپینڈنٹ نے مزید تفصیلات کے لیے ایلس سے رابطہ کیا ہے۔

ایلس نے ڈبلیو او ٹی سی کو بتایا: ’ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ناشتہ آرڈر کرنا اور کال لینا، یہ دونوں الگ الگ چیزیں ہیں۔ انہیں ایک ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔‘

جانسن نے کہا وہ خوش ہیں کہ معاملہ خیر خیریت سے ختم ہوا لیکن انہوں نے تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: ’جب کوئی 911 پر کال کرتا ہے تو اسے مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ ہر کال کو ایمرجنسی سمجھیں، جیسا کہ انہیں کرنا چاہیے۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ