وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو جوابی خط لکھ کر یوم پاکستان پر لکھے گئے مبارک باد کے خط پر شکریہ ادا کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خط لکھے جانے کی تصدیق کی۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق: ’یہ معمول کا خط ہے اور جب کسی کی جانب سے تہنیتی پیغامات آتے ہیں تو شکریہ کا جوابی خط بھی لکھا جاتا ہے۔ یہ سفارتی آداب ہیں۔‘
وزیر اعظم نے نریندر مودی کے نام لکھے گئے اپنے خط میں لکھا کہ ’پاکستانی عوام یہ دن اپنے آباؤ اجداد کی اس بصیرت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مناتے ہیں، جس کے تحت انہوں نے ایک آزاد ملک کا خواب دیکھا تھا۔ ‘
وزیراعظم کے مطابق: ’پاکستانی عوام بھی اپنے تمام ہمسایوں بشمول بھارت کے ساتھ پر امن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا: ’ہمارا یقین ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام تمام مسائل بشمول مسئلہ کشمیر کو حل کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘
وزیر اعظم نے ان مسائل کے نتیجہ خیز حل کے لیے سازگار ماحول قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو یہ خط ایک ایسے وقت میں لکھا گیا ہے جب رواں ماہ 23 مارچ کو نریندر مودی نے یوم پاکستان کے موقعے پر وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ ان کا ملک پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔
نریندر مودی نے اپنے خط میں وزیراعظم پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ’انسانیت کے لیے اس مشکل وقت میں، میں کووڈ 19 سے لڑنے والے پاکستانی عوام اور آپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔‘
دوسری جانب بھارتی صدر نے بھی پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی کے نام خط لکھا تھا۔ بھارتی صدر و وزیراعظم کا یہ تہنیتی پیغام نئی دہلی نے اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کو بھجوایا تھا جس کے حکام نے کوورنگ لیٹر کے ساتھ سربمہر لفافے میں اسے پاکستانی وزارت خارجہ کے حوالے کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل 30 جولائی 2018 کو عمران خان کے انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد بھارتی وزیراعظم نے انہیں مبارک باد کا ٹیلی فون کیا تھا جبکہ مئی 2019 میں نریندر مودی کے انتخابات جیتنے اور دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر عمران خان نے انہیں مبارک باد کا ٹیلی فون کیا تھا۔
اسی طرح گذشتہ ہفتے وزیراعظم عمران کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر پر نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر انہیں نیک تمناؤں پر مبنی پیغام بھیجا تھا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان 23 اور 24 مارچ کو آبی مذاکرات بھی ہوئے ہیں۔
سفارتی سطح پر ان تمام معاملات کو دونوں ممالک کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے اور سفارتی ماہرین کے مطابق ان مثبت اقدام میں متحدہ عرب امارات کا کردار ہے تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان جاری چپقلش کم ہو سکے۔