’ہم نے جب (ارطغرل) ڈراما دیکھا تو ہمیں بہت پسند آیا۔ دوستوں نے مل کر سوچا کہ کیوں نہ ہم بھی اس طرح کا ایک ڈراما بنائیں۔ یوں اس کے لیے کوششیں شروع ہوئیں۔ اب شکر ہے75 فیصد ڈرامے پر کام مکمل ہو گیا ہے اور امید ہے کہ عید تک اس کی باقی شوٹنگ مکمل ہو جائے گی۔‘
یہ کہنا تھا پاکستان کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے طالب علم محمد عباس کا، جنھوں نے ترکی کے مشہور ڈراما سیریل ’ارظغرل‘ کے طرز پر مقامی کاسٹ کے ساتھ ایک ڈراما بنایا ہے۔
اس ڈرامے کے ہدایت کار اور پروڈیوسر عباس نے بتایا کہ عوام کی ڈراما ’ارطغرل‘ کے ساتھ محبت نے انہیں اس کام پر مجبور کیا۔
’یہ ڈراما پشتو زبان میں ہوگا اور اس کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا جبکہ مجموعی طور پر ہم اس کو تقریباً 18 قسطوں میں اپنے یوٹیوب چینل پر پیش کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں تقریباً 70 کردار نظر آئیں گے جس میں سے 20 اہم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ارطغرل‘ ڈرامے میں کردار نبھانے والے ارطغرل کے والد سلیمان شاہ، ارطغرل خود، کوردوغلو، عبدالرحمٰن، ارطغرل ڈرامے میں کلہاڑہ چلانے والے نور گل کا کردار بھی موجود ہے۔
ڈراما کہاں پر ریکاڈ ہوا؟
عباس نے بتایا کہ ڈرامے کو سوات کے مختلف پہاڑی مقامات پر ریکارڈ کیا گیا کیونکہ ایک جگہ پر ریکارڈ کرنے سے کسی بھی ڈرامے کا وہ مزہ نہیں رہتا۔ ’سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں بھی اس کے کچھ سین ریکارڈ کیے گئے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ڈرامے پر اٹھنے والے اخراجات کے حوالے سے عباس کا کہنا تھا کہ انہوں نے پورا خرچہ اپنی جیب سے کیا ہے جبکہ ڈرامے میں استعمال ہونے والی تلواریں، خصوصی جیکٹس، کلہاڑی، صلیبوں کے نشان والی وردیوں سمیت دیگر چیزوں پر تقریباً چار لاکھ روپے خرچہ آیا۔
انھوں نے بتایا ڈرامے میں استعمال ہونے والی ساری اشیا انہوں نے خود بنائی ہیں اور اب وہ اس کام میں اتنے ماہر ہوگئے ہیں کہ انہوں نے گھر کے ساتھ کی ایک دکان بھی میں ان اشیا کو فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔
ان اشیا کی قیمتوں کے بارے میں عباس کا کہنا تھا کہ 18 سال سے زائد افراد کے لیے جیکٹس کی، جو ڈرامے میں الپس یا سپاہی پہنتے ہیں، قیمت پانچ سے آٹھ ہزار روپے جبکہ تلوار چار سے پانچ ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
عباس نے بتایا کہ انہیں مختلف شہروں سے بھی آرڈر آنا شروع ہوگئے ہیں۔
ڈرامے کی تھیم
عباس کے مطابق ڈرامے کی کوئی خاص تھیم نہیں لیکن اس کی کہانی ترکش ڈرامے ارطغرل سے ملتی جلتی ہے۔ ’اس (ڈرامے) میں ہم ایک قلعے کو فتح کریں گے اور جنگیں لڑیں گے۔‘
ڈرامے میں اہم کردار ادا کرنے والے نوجوانوں نے گذشتہ ہفتے ارطغرل ڈرامے میں عبد الرحمٰن کا کردار نبھانے والے جلال سے کراچی میں ملاقات بھی کی۔
اس ملاقات کے حوالے سے عبد الرحمٰن نے اپنے انسٹاگرام پیج پر لکھا ’میری پاکستان کے بہادر بھائیوں سے آخر کار ملاقات ہوگئی۔ مجھے حیران کرنے والے ان بھائیوں کا شکر گزار ہوں۔‘
اس ملاقات کے بارے میں عباس کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے عبدالرحمٰن کو اپنے ڈرامے کے بارے میں بتایا جو بہت خوش ہوئے۔