پرتعیش نجی فضائی سفر کی سہولیات فراہم کرنے والی دبئی کی ایوی ایشن کمپنی جیٹ ایکس نے اس سال ماہ رمضان میں افطار کی انتہائی منفرد سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا کمپنی گلوب نیوزوائرز کے مطابق جیٹ ایکس متحدہ عرب امارات کی فضاؤں میں خصوصی پروازوں پر افطار سروس شروع کرنے جا رہی ہے۔ دوران سفر لگژری طیارے میں سوار افراد ملک کے بڑے تفریحی مقامات اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
جیٹ ایکس نے مقامی شہریوں اور سیاحوں کو دعوت دی ہے کہ وہ رمضان میں متحدہ عرب امارات کی فضاؤں میں افطار کے انتہائی منفرد تجربے سے لطف اٹھائیں، جہاں ان کی لذیذ کھانوں کے ساتھ تواضع کی جائے گی۔
اس فضائی سفر کا آغاز دبئی میں واقع جیٹ ایکس کے وی آئی پی ٹرمینل پر سورج غروب ہونے سے ٹھیک پہلے ہوگا۔ سفر کے لیے مہمانوں کو کار کے ذریعے پرائیویٹ طیارے تک لے جایا جائے گا۔
فضا میں بلند ہونے کے بعد غروب آفتاب کے ساتھ ساتھ طیارہ ابوظہبی کی طرف پرواز کرے گا۔ اس دوران مسافر متحدہ عرب امارات کے معروف سیاحتی مقامات کا آسمان سے نظارہ کر سکیں گے۔ طیارے کو مناسب بلندی پر رکھا جائے گا اور اس کی رفتار اتنی ہوگی کہ دوران پرواز تمام وقت کھڑکی کے باہر کے مناظر سے لطف اٹھایا جاسکے۔
دوران پرواز سورج غروب ہونے کے بعد لذیز افطاری کروائی جائے گی اور مینو میں کھانے کی وہ اشیا شامل ہوں گی جو رمضان میں خاص طور پر تیار کی جاتی ہیں۔
یہ افطاری جیٹ ایکس خصوصی طور تیار کرے گی تاکہ اس موقعے کو حقیقی معنوں میں یادگاربنایا جا سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فضا میں ہونے کی وجہ سے مسافروں کو روزہ کشائی کے لیے افطاری کے معمول وقت سے چار منٹ زیادہ انتظار کرنا ہوگا۔ اس دوران وہ غروب آفتاب کے حسین نظارے سے زیادہ دیر تک لطف ہوسکیں گے۔
طیارہ صحرا میں اور ٹیلوں کے اوپر فضا میں پرواز کرتا ہوا العین شہر اور اس کے بعد مشرق میں متحدہ عرب امارات کے پہاڑی سلسلے کی طرف سفر کرے گا۔ پہاڑی مناظر میں ملک کی بلند ترین چوٹی جبل جیس بھی شامل ہوگی، جو ہجر اور حتہ کے پہاڑوں میں واقع ہے۔
مسافر راس الخیمہ کی طرف بڑھنے اور ام القوین، عجمان اور شارجہ کے بحیرہ عرب کے نیلگوں ساحل کا نظارہ کرنے سے پہلے بحرہند دیکھ سکیں گے۔
آخر میں مسافر شام کے وقت دبئی کی مشہور سکائی لائن, جس میں پرشکوہ برج خلیفہ اور پام آئی لینڈ شامل ہے، کے نظارے کا لطف اٹھائیں گے۔ اس کے بعد طیارہ جیٹ ایکس کے وی آئی پی ٹرمینل پر واپس اترجائے گا۔
واپسی پر مسافروں کو شام کا باقی وقت جیٹ ایکس کے وی آئی پی ٹرمینل پر قائم لاؤنجز میں سے ایک پر گزارنے کی دعوت دی جائے گی، جہاں ان کے لیے تفریح اور سروس کا عمدہ انتظام ہو گا۔
اس یادگار سفر کا کرایہ چھ مسافروں کے لیے 66 ہزار درہم ہو گا۔ پرتعیش نجی فضائی سفر کی سہولت کا آغاز 13 اپریل سے ہوگا اور یہ سروس 12 مئی 2021 تک جاری رہے گی۔ سحری کے پیکجز بھی دستیاب ہوں گے۔