بل گیٹس دھڑادھڑ زمینیں کیوں خریدتے جا رہے ہیں؟

دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بل گیٹس اب تک 45.5 ارب ڈالر عطیہ کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود بہت سے لوگ انہیں شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

بل گیٹس اب تک 45.5 ارب ڈالر عطیہ کر چکے ہیں (فائل تصویر: اے ایف پی)

بل گیٹس دھڑادھڑ زمینیں خرید کر امریکہ کے سب سے بڑے جاگیردار بن گئے ہیں۔ امریکی اخبار ’دا لینڈ رپورٹ‘ کے مطابق بل گیٹس کے پاس دو لاکھ 42 ہزار ایکڑ سے زیادہ زرعی زمین موجود ہے، جس کی مالیت 69 کروڑ ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔

بل گیٹس اس وقت دنیا کے چوتھے امیر ترین فرد ہیں اور مالیاتی جریدے ’فوربز‘ کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت 129.2 ارب ڈالر ہے، اس لیے ظاہر ہے کہ زمین کے لیے خرچ کی گئی رقم ان کے اثاثوں کے آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

گیٹس نے  دو دن قبل ’ریڈ اٹ‘ نامی ویب سائٹ پر سوال جواب کے ایک سیشن میں بتایا کہ ’زرعی شعبہ بہت اہم ہے۔ زیادہ زرخیز بیجوں کی مدد سے ہم جنگلات کو تباہ ہونے سے بچا سکتے ہیں اور افریقہ کو درپیش ماحولیات کے مسئلے سے نمٹنے میں مدد دے سکتے ہیں۔‘

برطانوی اخبار گارڈین میں اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے آبائی امریکی باشندے نک ایسٹس نے لکھا: ’ایک سفید فام شخص کے پاس میرے تمام قیبلے سے بھی زیادہ زرعی زمین ہے۔‘

ایسٹس نے مزید لکھا ہے کہ ’زمین طاقت ہے، زمین دولت ہے اور زمین نسل اور طبقے کے بارے میں ہے۔‘ وہ کہتے ہیں کہ ’زمینیں خریدنے کا تعلق نوآبادیاتی دور اور سفید فام طبقے کی برتری سے ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا: ’اس ملک میں سیاہ فام غلام مزدوروں نے آبائی باشندوں کی چوری شدہ زمینوں کے بل بوتے پر امریکی دولت اکٹھی کی۔‘

بل گیٹس بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے کیے گئے فلاحی کاموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے مائیکروسافٹ کمپنی سے حاصل کردہ دولت کا بڑا حصہ تحقیق کے لیے وقف کر دیا ہے۔ بل گیٹس نے 2018 میں بتایا تھا کہ ان کی فاؤنڈیشن اب تک 45.5 ارب ڈالر عطیہ کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے بھی اربوں ڈالر عطیہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اس کے باوجود بہت سے لوگ انہیں شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ایک سازشی نظریے کو فروغ دیا گیا کہ شاید یہ وائرس بل گیٹس نے جان بوجھ کر پھیلایا ہے تاکہ ویکسین کی آڑ میں لوگوں کے جسموں میں ایک چِپ داخل کرکے ان کے دماغوں کو کنٹرول کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر بھی بل گیٹس کے زمینیں خریدنے کے اقدام پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

کانی کورنر نے ٹویٹ کی: ’بل گیٹس کی جانب سے زمین خریدنے کے معاملے نے مجھے تشویش میں ڈال دیا ہے۔‘

ایک اور صارف فسٹ پمپر نے لکھا: ’مجھے اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر لگ گئی ہے۔ اس سے پہلے کہ بل گیٹس ساری زمین خرید لے، میں کچھ زمین خرید لیتا ہوں۔‘

دوسری جانب بک ویلوٹ نے بظاہر گیٹس کی حمایت میں لکھا: ’بل گیٹس کا زمینیں خریدنا بہتر ہے یا بائر، نیسلے یا امیزون (جیسی ملٹی نیشنل کمپنیوں کا) کا؟ شاید بل گیٹس کا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا