پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز جو کرونا کے باعث مارچ میں روک دئیے گئے تھے اب نئے شیڈول کے مطابق یکم جون سے منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔
پی ایس ایل کے اوریجنل شیڈول کے مطابق لیگ کا دوسرا حصہ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونا تھا تاہم جب لیگ کو روکا گیا تھا اس وقت بھی یہ افواہیں تھیں کہ کرونا ایس او پیز کے باعث شاید تمام میچز کراچی میں ہی کھیلے جائیں۔
اب جبکہ لیگ کو دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے تو قرعہ فال کراچی کے حق میں ہی نکلا ہے کیونکہ لاہور اس وقت بدترین کرونا صورتحال کاسامنا کر رہا ہے اور حفاظتی اقدامات میں دقت پیش آ سکتی ہے۔
جب کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی پہلے ہی ایس اوپیز سے آراستہ ہے اورمزید سخت انتظامات کرنا مشکل نہ ہوگا۔
شیڈول کے مطابق یکم جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہوگا جو 15 جون تک گروپ میچز کی صورت میں جاری رہے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گروپ میچز کے اختتام پر پہلی چار ٹیمیں 16، 17 اور 18 جون کو ایلیمینیٹری میچز کھیلیں گی جب کہ 20 جون کو لیگ کا فائنل کھیلاجائے گا ۔
جون میں کراچی کا موسم گرم اور مرطوب ہوتا ہے جس سے کھلاڑیوں کو شام کے وقت بھی سخت موسم کا سامنا کرنا پڑے گا جس سےکھلاڑیوں کی کارکردگی پر اثر پڑسکتا ہے۔
پی ایس ایل کی انتظامیہ نئے شیڈول میں بائیو سیکیور ببل کو بہت اہمیت دے رہی ہے اور ماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کو سامنےرکھ کر ایس اوپیز ترتیب دی جارہی ہیں جن کے لیے ایک غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کی شنید ہے تاہم بورڈ نے ابھی تک کوئی تفصیلات نہیں جاری کی ہیں ۔
نئے ایس اوپیز میں کھلاڑیوں کے لیے بھی سخت حفاظتی تدابیر ہوں گی۔ کھلاڑیوں کو سات دن کا قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا اور ممکنہ طور پر میڈیا کو سٹیڈیم سے دور رکھا جائے گا۔