واہ بابر اعظم! کیا انداز ہے جشن منانے کا

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو بآسانی نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بابر اعظم  کو اس میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہی آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن ملی تھی (اے ایف پی)

وہ آیا اس نے دیکھا اور فتح کر لیا ! شاید یہ وہ الفاظ ہیں جو بابر اعظم کی بیٹنگ کے لیے کہے جائیں تو مناسب ہوگا جس طرح انہوں نے سنچورین میں سنچری بنائی یہی الفاظ ان کے لیے موزوں لگتے ہیں۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو بآسانی نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

میچ کی خاص بات پاکستانی کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری تھی۔ انہوں نے صرف 50 گیندوں میں اپنی سینچری مکمل کی۔

اس میچ میں صرفر بابر اعظم ہی نہیں بلکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بھی بھرپور ساتھ دیا اور ناقابل شکست 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے قبل تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے درست نظر نہیں آ رہا تھا۔

جنوبی افریقہ نے شروع سے پاکستانی بولنگ پر دباؤ ڈالے رکھا اور دس رنز کی اوسط سے پہلے دس اوورز میں 108 رنز بنائے۔ پروٹیز کی پہلی وکٹ 108 رنز پر گری۔

میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 203 رنز بنائے جبکہ ان کےصرف  پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ایڈم مارکرم نے 63 اور ملان نے 55 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاکستان ٹیم کی گذشتہ میچ کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے 204 رنز کا ہدف مشکل نظر آرہا تھا لیکن سنچورین کی پچ آج بیٹنگ کے لیے مددگار تھی اس لیے امید تھی کہ پاکستان اچھی بیٹنگ کرے گا۔

اوپنرز بابر اعظم اور رضوان نے شروع سے ہی اپنی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی افریقی بولر کو سیٹ ہونے کا موقع نہیں دیا۔دونوں بلے بازوں نے رنز بنانے کی رفتار دس رنز فی اوور رکھی جس سے پاکستان ہدف سے مسلسل قریب ہوتا رہا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کپتان بابر اعظم نے شاندار کلاسیکل بیٹنگ کی اور اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے محمد رضوان کے ساتھ 197 رنز کی تاریخی پارٹنر شپ کی۔ ان کی یہ پاکستان کی سب سے بڑی اور بین الاقوامی سطح پر چوتھی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔

بابر اعظم نے 15 چوکے اور چار چھکے لگائے اور 122 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو پاکستان کی طرف سے سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔

پاکستان کا ہدف کے تعاقب میں یہ سب سے بڑا سکور ہے جو اس نے 18ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

پاکستان کی طرف سے آج بابر اعظم کی اننگز اس لحاظ سے بہت اہم ہے کہ انہیں چند گھنٹے قبل ہی آئی سی سی نے ایک روزہ کرکٹ کا نبمر ون بلے باز قرار دیا تھا۔

اس طرح بابراعظم نے اپنی پہلی پوزیشن کا جشن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زبردست سینچری بنا کر منایا۔

بابر اعظم کی یہ اننگز کرکٹ کی چند شاندار اننگز میں سے ایک تاریخی اننگز کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل