فرانسیسی فیشن برانڈ لوئی ویٹوں کے جہاز کی شکل کے بیگ کو سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مردوں کے لیے تیار کردہ جہاز کی شکل کا یہ بیگ اس برانڈ کی خزاں/سرما کلیکشن کا حصہ ہے اور اسے ورجل ابلوح نے ڈیزائن کیا ہے، جس کی قیمت 39 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
بھورے رنگ کا یہ بیگ اپنے اوپر لوئی ویٹوں کا مونو گرام سجائے ہوئے ہے جبکہ پَر، انجن، دم اور چونچ کی مدد سے اسے ایک جہاز کی شکل دی گئی ہے۔
فرانسیسی فیشن برانڈ لوئی ویٹوں اپنے پرتعیش لیدر بیگز کے حوالے سے معروف ہے، لیکن جہازی شکل کے ایک بیگ اور اس کی قیمت نے سوشل میڈیا پر طوفان اٹھا رکھا ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا: 'آپ ایک حقیقی جہاز کو اس سے کم قیمت میں خرید سکتے ہیں۔' انہوں نے ثبوت کے طور پر 32 ہزار ڈالر قیمت والے ایک چھوٹے جہاز کا اشتہار بھی پوسٹ کیا۔
ایک اور صارف نے لکھا: 'بہتر ہوگا کہ 39 ہزار ڈالر کی قیمت ادا کر کے میں اس بیگ کو اڑا پاؤں۔'
You can buy an actual plane for less. pic.twitter.com/Egwh3A7tcp
— Valeska Vaccinated (@vah0603) April 3, 2021
سوشل میڈیا کی روایت کے مطابق یہ بیگ جہازوں سے متعلق کئی لطیفوں کا نشانہ بنا جب ایک شخص نے لکھا: 'میری چیپ سٹک کہاں ہے؟ کیا آپ نے کاک پٹ میں چیک کیا؟'
ایک اور صارف نے مذاقاً لکھا: 'لگتا ہے اس سال ہینڈ بیگز کی قیمتوں کو سچ میں پَر لگ گئے ہیں۔'
ابلوح 2018 سے لوئی ویٹوں کے مردوں کے لیے تیار کردہ فیشن کے آرٹسٹک ڈائریکٹر ہیں جبکہ وہ اپنے فیشن ہاؤس آف وائٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ابلوح کے تیار کردہ ڈیزائن نے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہو۔
رواں ماہ کے آغاز پر ڈیزائنر نے اپنے انسٹا گرام پر لوئی ویٹوں کے ایک گاجر کی شکل والے بیگ کا مختصر کلپ پوسٹ کیا تھا، جسے اب تک 14 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔
یہ بیگ جو زرد رنگ کے چمڑے سے تیار کیا گیا ہے، اس پر برانڈ کا کلاسک مونو گرام بھی چھپا ہوا ہے۔ اس کے اوپری حصے سے سبر رنگ کا کپڑا بھی باہر کو نکل رہا ہے، جو گاجر کے اوپری حصے کو ظاہر کرتا ہے۔
ایک صارف نے لکھا: 'اس شخص سے فنڈنگ واپس لے لو۔'
جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا: 'کسی کو اس بیگ کے بارے میں کتاب لکھنے کی ضرورت ہے۔'
© The Independent