گالف کا شوق رکھنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالےسے خبر سامنے آئی ہے کہ انہوں نے گذشتہ سال ایک 10 سالہ بچے کی گالف بال ’ہتھیا‘ کرمیچ جیتا۔
کھیلوں سے متعلق لکھنے والے رک ریلی نے اپنی نئی کتاب ’کمانڈر ان چیٹ‘ میں ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے کہ کس طرح جیتنے کی خواہش صدر ٹرمپ سے کچھ بھی کرا سکتی ہے۔
ریلی نے ووکس سے گفتگو میں بتایا کہ گذشتہ سال’ ٹرمپ چیمپئن شپ‘ نہ کھیل پانے کے بعد امریکی صدر نے کلب چیمپئن ٹیڈ ورچیوکو گالف میچ کھیلنے کا چیلنج دیا اور شرط لگائی کہ جیتنے والا پورا انعام لے جائے گا۔
اُس وقت ورچیو اپنے 10 سالہ بیٹے کے ساتھ کھیل رہے تھے، انہوں نے ٹرمپ کے چیلنج کو مذاق میں ٹالنے کی متعدد بار کوشش کی، لیکن ٹرمپ اصرار کرتے رہے۔
ریلی کے مطابق ٹرمپ نے کہا ’ہم چیمپئن شپ کے لیے یہ آخری چھ ہولز کھیلتے ہیں‘۔ اس پر ورچیو نے جواب دیا ’میں اپنے بیٹے کے ساتھ کھیل رہا ہوں، لہٰذا شکریہ‘۔
ٹرمپ نہ ٹلے اور کہا’آپ کا بیٹا بھی کھیل سکتا ہے ہمارے ساتھ‘، جس کے بعد وہ آپس میں کھیلنا شروع ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق کھیل کے دوران تینوں ایک ہول کے دوران بڑے جوہڑ پر جا پہنچے۔
ورچیو اور ان کے بیٹے نے گیند پانی سے بچاتے ہوئےگھاس پر شاٹ کھیلے لیکن ٹرمپ کی گیند پانی میں چلی گئی۔
اس موقع پر ٹرمپ تیزی سے آگے بڑھے اور اصرار کرنے لگے کہ گھاس پر پڑی 10 سالہ بچے کی گیند دراصل ان کی ہے اور پانی میں جانے والی گیند بچے کی تھی۔
اس موقع پر ٹرمپ کے کیڈی نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
یہ واقعہ سب سے پہلے گالف میگزین میں شائع ہوا تھا، لیکن ریلی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی تصدیق گالف کلب کے کم از کم دو ارکان سے کی ہے۔