دنیا کی بہت سی بڑی ویب سائٹس کی سروس میں منگل کو خلل پڑا جس کی وجہ سے دنیا کے بہت سے ممالک میں ان ویب سائٹس کی سروس بری طرح متاثر ہوئی۔
اکثر ویب سائٹیں یا تو کھلنے میں بہت دیر لگاتی تھیں یا پھر سرے سے کھلتی ہی نہیں تھیں اور ان میں سے کئی پر یہ پیغام لکھا دکھائی دیتا تھا: Error 503 Service Unavailable
جو ویب سائٹس متاثر ہوئیں ان میں انڈپینڈنٹ کے علاوہ بی بی سی، نیویارک ٹائمز، سی این این، ایمازون، ایچ بی او، پے پیل، بلوم برگ، ریڈ اِٹ اور دوسرے بڑے ادارے شامل ہیں۔
میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے مطابق اس کی بڑی وجہ کلاؤڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے ’فاسٹلی‘ کے نیٹ ورک میں آنے والی خرابی تھی۔
فاسٹلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے یہ مسئلہ بڑی حد تک حل کر لیا ہے، تاہم بعض ویب سائٹس اب بھی کھلنے میں مسئلہ کر رہی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ’مسئل شناخت کر لیا گیا ہے، اور اس کا حل نافذ کر لیا گیا ہے۔ صارفین کو دنیا بھر میں سروس بحال ہونے تک لوڈ ٹائم میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
فاسٹلی نے کہا کہ مسئلہ اس کے سی ڈی این یا کانٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک میں تھا۔ یہ نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے اور اس پر وہ تصویریں، آڈیو اور ویڈیو وغیرہ کی صورت میں مواد موجود ہے جو مختلف ویب سائٹوں پر ظاہر ہوتا ہے۔
فاسٹلی ایک امریکی کمپنی ہے جو کلاؤڈ نیٹ ورکس فراہم کرتی ہے اور تصویروں، آڈیو اور ویڈیوز کی سٹریمنگ کو آسان بناتی ہے تاکہ سائٹس کھلنے میں کم وقت لگائیں۔
اس حملے میں برطانیہ کی سرکاری ویب سائٹ gov.uk بھی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ہم gov.uk میں ہونے والے مسئلے سے آگاہ ہیں جس کا مطلب ہے کہ صارفین ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔ یہ وسیع تر معاملہ ہے جس میں غیر سرکاری ویب سائٹیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ہم اس کی ہنگامی طور پر تفتیش کر رہے ہیں۔‘