ناکامیوں میں گھری کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ہفتے کو مسلسل دو روز میں دوسری شکست سے دوچار ہوگئی۔
اس دفعہ بے رحم لاٹھی چارج پشاور زلمی کے بلے بازوں کا تھا جن کی ہر ضرب نے گلیڈی ایٹرز کے قلعے پر ایسی گولہ باری کی کہ بولرز بولنگ بھول گئے۔
پشاور نے ہفتے کو ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے ایک گروپ میچ میں کوئٹہ کو کھیل کے ہر شعبے میں لاجواب کرتے ہوئے 61 رنز سے ہرا دیا۔
کوئٹہ کی بد قسمتی رہی کہ آندرے رسل زخمی ہونے کے باعث دستیاب نہیں تھے اور فاف ڈوپلیسی دوران فیلڈنگ زخمی ہو گئے۔
کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پشاور کو کھلانے کا فیصلہ بہت حد تک صحیح تھا کیونکہ محمد نواز نے پہلے اوور کی پہلی گیند پر حیدر علی کو آؤٹ کردیا۔
اگلے اوور میں سٹار بیٹسمین شعیب ملک بھی آؤٹ ہو گئے۔ دو وکٹیں جلد گرنے سے پشاور کی ٹیم دباؤ میں آگئی اور کوئٹہ کے سپنرز کو کھیلنا چیلنج بن گیا۔
ڈیوڈ ملر اور کامران اکمل نے پاور پلے میں احتیاط سے کھیلتے ہوئے 22 رنز بنائے لیکن پاور پلے ختم ہوتے ہی ملر اپنے جوبن پرآ گئے۔ دونوں نے مل کر 14ویں اوور تک سکور 135 تک پہنچا دیا۔
کامران نے شاندار نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب ملر نے مار دھاڑ کا سلسلہ جاری رکھا اور 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں چار چھکے شامل تھے۔
پشاور کی طرف سے سب سے جارحانہ اننگز رومن پاول کی تھی، جنھوں نے صرف 19 گیندوں میں 46 رنز بنا کر پشاور کا سکور197 تک پہنچا دیا۔
پاور پلے میں 22 رنز دینے والے کوئٹہ کے بولرز اگلے 14 اوورز میں 175 رنز دے گئے۔ بولرز کی گھبراہٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ زاہد محمود مسلسل غلط لائن پر بولنگ کر کے چھکے کھاتے رہے۔
کوئٹہ کی فیلڈنگ بھی غیر معیاری رہی اور کئی کیچ چھوٹے۔ کوئٹہ کی بیٹنگ بھی بولنگ کی طرح کمزور رہی۔
فیلڈنگ میں زخمی ہونے والے فاف ڈوپلیسی کی جگہ شامل ہونے والے صائم ایوب اور عثمان خان نے اوپننگ پارٹنرشپ میں 62 رنز بنائے۔
تاہم ان کے بعد تمام بلے باز ماسوائے سرفراز احمد کے ناکام رہے۔ اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اسی طرح محمد نواز اور کیمرون ڈیلپرٹ نے بھی صفر سکور کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سرفراز احمد نے آخری گیند تک جدوجہد جاری رکھی اور 36 رنز کی اننگز کھیلی۔
تاہم ان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹ کھو کر صرف 136 رنزبنا سکی اور یوں پشاور زلمی نے 61 رنز سے میچ جیت لیا۔
پشاور کی طرف سے محمد عرفان نے تین جبکہ وہاب ریاض اور عمید آصف نے دو دو وکٹ لیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس شکست کے ساتھ ان کے آگے بڑھنے کے سارے راستے مسدود ہوگئے ہیں جبکہ پشاور آج کی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
حسن علی لیگ سے باہر
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر حسن علی اپنے خانگی مسائل کے باعث لیگ کو خیر باد کہہ کر پاکستان واپس روانہ ہوگئے ہیں اور اب وہ لیگ کے لیے مزید دستیاب نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد اتوار کو لاہور قلندرز کا سامنا کرے گی۔