وادی کیلاش میں بہار کی آمد پر تین روزہ چلم جوش یا جوشی میلہ شروع ہوگیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت، ٹوورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا، کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیہ کے مطابق، منگل کو میلے کے پہلے روز معمر کیلاشی خواتین اور بچوں نے بکریوں اور بھیڑوں کا دودھ اور دہی تقسیم کیا۔ اس رسم کو عام طور پر ’چیراک پی پی‘ کہا جاتا ہے۔
کیلاش مرد، خواتین اور بچے ٹولیوں کی شکل میں بکریاں اور بھیڑیں لے کر میدانوں اور سبزہ زاروں کا رخ کرتے ہیں۔ رسم کی ادائیگی کے دوران روائتی رقص کے ساتھ گیت بھی گائے جاتے ہیں۔
چلم جوش میلہ دیکھنے کے لیے جرمنی، فرانس، جاپان اور دنیا کے دوسرے ملکوں سے سیاح وادی کیلاش پہنچ چکے ہیں۔
Foreign tourists continue to throng Kalash valley as Chilimjusht festival kicks off
— Tourism Corporation Khyber Pakhtunkhwa (@kptourism) May 13, 2019
For detail, please click below:https://t.co/PS91I2zzcf pic.twitter.com/nQ72EXNGni
اعلامیے کے مطابق، چترال میں سیاحوں کے لیے معلومات کے مرکز میں محکمے کے اہلکار غیرملکی سیاحوں کو بریفنگ دے رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور روایات کے بارے میں معلوماتی کتابچے اور علاقے کے نقشے فراہم کیے جا رہے ہیں اور سیاحوں کو کیلاش کی بمبورت، بریر اور رمبور وادیوں کے دلکش مناظر کے بارے میں بھی بتایا جاتا ہے۔
وادی کیلاش چترال شہر سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ وادی کے لوگ اپنی منفرد ثقافت اور مذہب کے بدولت دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے کشش رکھتے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاحت نے قدرت کے حسین نظاروں سے بھرپور وادیوں میں سیاحوں کی سہولت کے لیے خیمہ بستی قائم کردی ہے۔ گذشتہ برس خیمہ بستی کے سبب سیاحوں کی بڑی تعداد میلہ دیکھنے کھچی چلی آئی تھی۔
کیلاش لوگ نئے ملبوسات اور مختلف اقسام کے کھانوں کے ساتھ موسم بہار کا استقبال کرتے ہیں۔ کیلاش لڑکیاں میلے کے لیے ملبوسات اور زیورات کی خریداری پر بڑی رقم خرچ کرتی ہیں۔ اس موقعے پر مالی حیثیت کا بھی اظہار کیا جاتا ہے۔
وادی کیلاش کے مکین روائتی موسیقی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہیں۔ وہ مقامی دیوتا ’گوشی دائی‘ کا شکرادا کرتے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ یہ دیوتا بہار اور گرمیوں کے موسم میں ان کی بھیڑ بکریوں کی حفاظت کرتا ہے۔
نوجوان لڑکے لڑکیاں کمیونٹی ہالز میں ٹولیوں کی شکل میں ناچتے اور گاتے ہیں۔ اس موقعے پر گھروں کو خوب سجایا جاتا ہے۔
چلم جوش میلے کی خاص بات کنوارے لڑکے لڑکیوں کے لیے جیون ساتھی کا انتخاب ہے۔ نوجوان جوڑوں کی شادیوں کے ساتھ ہی میلہ اپنے اختتام کو پہنچ جاتا ہے۔
ٹوورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کی گئی میلے کے پہلے روز کی تصاویر: