صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں نا معلوم افراد کے حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے پانچ اہلکار مارے گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے سنگن میں دہشتگردوں نے فرنٹیئر کور کی پیٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے پانچ اہلکار جان سے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے میں مارے جانے والے اہلکاروں میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ، لانس نائیک ناصر عباس، لانس نائیک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔
بیان کے مطابق ان میں سے تین اہلکاروں کا تعلق لکی مروت، ایک کا نصیر آباد اور ایک اہلکار کا تعلق بھکر سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں ملوث حملہ آوروں کے فرار کے راستے روکنے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان پوری طاقت سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گی۔
پاکستان میں دہشتگردی کا تازہ واقعہ بدھ کے روز لاہور میں پیش آیا ہے جہاں ایک گھر کے سامنے دھماکہ کیا گیا جس سے تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں سکیورٹی فورسز پر چھوٹے بڑے حملے کیے جاتے رہےہیں۔
14 جون کو نا معلوم مسلح افراد نے ایف سی کے اہلکاروں پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا تھا جس میں چار اہلکار مارے گئے تھے۔
اس سے چند ہی روز قبل یعنی 11 جون کو بھی بلوچستان کے ہی ضلعہ خاران میں شدت پسندوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران ایف سی کاایک اہلکار مارا گیا تھا۔