پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام، دوسرا ٹی ٹوئنٹی انگلینڈ کے نام

انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 45 رنز سے ہرا کر سیریز ایک ۔ ایک سے برابر کر دی۔

18 جولائی، 2021 کوانگلینڈ نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز ایک۔ ایک سے برابر کر دی (روئٹرز)

انگلینڈ نے اتوار کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 45 رنز سے ہرا کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔

آج لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ کے آغاز میں پاکستانی بولرز نے انگلینڈ کے دو بلے بازوں جیسن روئے (10 رنز) اور ڈیوڈ ملان (ایک رن) کو جلد آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔

تاہم انگلش بلے بازوں نے اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔

85 کے مجموعی سکور پر معین علی فاسٹ بولر محمد حسنین کی گیند پر 36 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔

جاز بٹلر نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ لیام لیونگ سٹون 38، جونی بیئرسٹو 13 اور کریس جورڈن 14 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

ایک مرحلے پر ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم باآسانی 200 رنز سے زیادہ سکور کر لے گی لیکن پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں اچھی بولنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی اننگز200 رنز پر سمیٹ دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ عماد وسیم اور حارث رؤف کے حصے میں دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ 

جواب میں پاکستان نے جارحانہ انداز تو اپنایا لیکن اس کی وکٹیں وقتا فوقتا گرتی رہیں۔ اوپنر بابر اعظم پانچویں اوور میں 22 رنز بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب پاکستان کا مجموعی سکور 50 رنز تھا۔

آٹھویں اوور میں صہیب مقصود (15 رنز) اور دسویں اوور میں محمد رضوان (37 رنز) بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ میں کوئی بلے باز انگلینڈ کے سپن بولرز کو نہ کھیل پایا اور ایک کے بعد ایک محمد حفیظ (10 رنز) ، فخر زمان (آٹھ رنز) اور اعظم خان (ایک رن) بنا کر اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔

 پاکستان کے چھ کھلاڑی 13ویں اوور میں 105 کے مجموعی سکور پر واپس لوٹ چکے تھے۔

مہمان ٹیم کو اس وقت امید کی تھوڑی سی کرن نظر آئی جب عماد وسیم اور شاداب خان نے اچھی پارٹنر شپ دکھائی۔ تاہم عماد وسیم 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

شاداب آخر اوور تک کھیلتے رہے۔ انہوں نے 36 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بنا سکی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ