بیرون ملک مسلمانوں کے لیے دس اگست سے عمرہ کا دوبارہ آغاز

سعودی حکام کے مطابق غیر ملکی عازمین کے لیے عمرہ کا آغاز 10 اگست سے ہوگا جبکہ سعودی شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے لیے یہ پابندی آج سے ختم ہوگئی ہے۔

20 جولائی کو لی گئی اس تصویر میں عیدالاضحی کے موقع پر حجاج  کعبہ کا طواف کررہے ہیں (اے ایف پی فائل)

سعودی عرب نے اتوار کو کامیاب حج سیزن کے بعد 10 اگست سے غیر ملکی عازمین کے لیے عمرہ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی شہریوں پر عمرے کی ادائیگی پر عائد پابندی آج (اتوار) سے ختم ہو گئی ہے۔

مسجد الحرام کے امام اور منتظم اعلیٰ عبدالرحمٰن السدیس نے تمام مجاز حکام کو ہدایت کی کہ وہ مکہ کی مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اور دیگر نمازیوں کے استقبال کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔

حرمین الشریفین کے امور کے سربراہ عبدالرحمن السدیس نے تمام متعلقہ اداروں اور افراد پر زور دیا کہ وہ مکہ میں عمرہ کے لیے آنے والے عازمین کو خوش آمدید کہنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کریں۔

عبدالرحمن السدیس نے تمام متعلقہ ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ گذشتہ ہفتے کے حج سیزن کے دوران کیے گئے اقدامات کی طرز پر عمرے کے لیے مسجد الحرام اور  مسجد نبوی میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

رواں ماہ کے آغاز میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام میں نماز پڑھنے اور عمرے کی ادائیگی پر پابندی لگا دی تھی تاکہ حج سیزن سے قبل مقدس مقامات کی سیناٹائزیشن کو مکمل اور حجاج کے لیے سہولیات کو یقینی بنایا جاسکے۔

مسجد الحرام کے امور کے نائب سربراہ سعد بن محمد المحمید نے کہا: ’مسجد الحرام عمرے اور نماز کی ادائیگی کے لیے مکمل تیار ہے۔‘

سعد بن محمد نے کہا کہ ’کرونا وبا کے پیش نظر عازمین کا ضروری احتیاطی تدابیر کے مطابق استقبال کیا جائے گا تاکہ مسجد الحرام میں آنے والوں افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ سال فروری میں کرونا کی وبا کے خدشے کے پیش نظر عمرے کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

تاہم اکتوبر 2020 میں سعودی حکام نے چھ ماہ کے وقفے کے بعد سعودی اور ملک میں موجود غیر ملکی شہریوں کو عمرے کی اجازت دے دی تھی۔ جو کہ مسجد الحرام کی مکمل گنجائش کے 30 فیصد سے زیادہ نہ ہوں یعنی ان کی تعداد چھ ہزار سے تجاوز نہ کرے۔

اس سال  بھی حج کے لیے سعودی عرب نے ملک میں موجود صرف 60 ہزار افراد کو اس فریضے کی ادائیگی کی اجازت دی تھی۔

حکام نے نے حج کو ’کامیاب‘ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اس سیزن کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیہ نے کہا: ’میں یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ یہ حج کامیاب رہا۔ نہ کرونا وائرس اور نہ ہی کسی اور وبائی امراض کا کوئی کیس رجسٹر ہوا۔‘

2020 میں بھی سعودی حکام نے کرونا وبا کی وجہ سے ملک میں موجود 10 ہزار مسلمان عازمین کو حج کی اجازت دی تھی۔

اس وبا سے پہلے دنیا بھر سے تقریبا 25 لاکھ حجاج مکہ اور مدینہ منورہ میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات کی زیارت کے لیے سعودی عرب پہنچتے تھے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا