دنیا بھر سے ہر سال نت نئے عالمی ریکارڈز سامنے لانے والے ادارے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے حال ہی میں ایک ایسے منفرد پاکستانی گھرانے کو شامل کیا ہے جس کے نو افراد ایک ہی تاریخ یعنی یکم اگست کو پیدا ہوئے تھے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی ویب سائیٹ کے مطابق پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے لاڑکانہ شہر کے رہائشی ہائی سکول ٹیچر امیر علی منگی، ان کی بیوی خدیجہ اور سات بچے سندھو، سسئی، سپنا، عامر، امبر، عمار اور احمر یکم اگست کو پیدا ہوئے۔
امیر علی منگی کے بچوں کی عمریں 17 سے 28 کے درمیان ہیں۔ ان کی جڑواں بیٹیاں سسئی اور سپنا یکم اگست 1998 کو پیدا ہوئیں، اور یکم اگست 2003 کو ان کے جڑواں بیٹے عمار اور احمر پیدا ہوئے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق امیر علی منگی کا گھرانہ دنیا بھر میں واحد گھرانہ ہے جو ایک ہی تاریخ پر پیدا ہوا۔
انڈپینڈنت اردو سے گفتگو کرتے ہوئے یکم اگست 1968 کو پیدا ہونے والے امیر علی منگی نے کہا: ’میرا برج اسد ہے اور ایک اور آٹھ میرے لکی نمبر ہیں، میری زندگی میں ایک اور آٹھ کے ہندسوں کا بڑا عمل دخل رہا ہے۔ نہ صرف ہم سب ایک ہی تاریخ کو پیدا ہوئے بلکہ میری شادی بھی یکم اگست کو ہوئی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے ہائی سکول میں جوائنگ بھی 18 تاریخ کو دی۔ ’جس سال میں ایک اور آٹھ کے ہندسے آتے ہیں وہ میرے لیے بڑا اچھا سال ہوتا ہے، جیسے 2018 میں میرے بہت سے رکے ہوئے کام مکمل ہوگئے۔‘
امیر علی منگی علم نجوم میں دلچسپی رکھنے کے ساتھ شاعر بھی ہیں، شاعری میں ان کا تخلص ’آزاد‘ ہے اور ان کے مطابق ان کی لکھی غزلوں کی ایک کتاب زیر اشاعت ہے۔ ’میں نے اب تک اکنامکس، انٹرنیشل رلیشنس، ماس کمیونیکیشن سمیت ماسٹرز کی 12 ڈگریاں لی ہیں۔‘
پاکستان کے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے امیر علی منگی نے کہا: ’2022 کا سال پاکستان کے لیے بڑا بھاری ہوگا، جبکہ 2023 بڑا زبردست سال ہوگا۔‘