آج سے تقریباً 12 سے 15 سال قبل ٹیلی کام کمپنی یوفون نے ٹی وی چینلز پر اشتہارات کی ایک سیریز کا سلسلہ شروع کیا تھا جسے عوام میں بہت ’مقبولیت‘ حاصل ہوئی تھی۔
ان ٹی وی کمرشلز کا منفرد پہلو یہ تھا کہ ان میں مزاح کے ذریعے عوام تک پیغام پہنچایا جاتا تھا۔
عوامی انداز کے باعث ان اشتہارات کو عوام نے نہ صرف بہت پذیرائی بخشی بلکہ بعد میں دیکھا گیا کہ حریف ٹیلی کام کمپنیوں نے بھی ’اسی طرز‘ پر کمرشلز بنانا شروع کر دیے۔
ان اشتہارات میں زبانِ زدعام ’تیری مہربانی‘ سمیت دیگر اشتہار شامل ہیں۔
ویڈیوز میں اداکار شوٹنگ کے دوران پیش آئے واقعات اور تجربات کو بھی شیئر کر رہے ہیں۔ ان اشتہارات میں مشترک چیز اس کی کاسٹ اور ڈائریکٹرز ہوتے تھے۔
اداکاروں میں فیصل قریشی، مہرین راحیل، میکال ذوالفقار، جواد بشیر اور عدیل ہاشمی کم و بیش ہر اشتہار میں تھے جب کہ انہیں ڈائریکٹ احسن رحیم کیا کرتے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فیصل قریشی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز کو عوام بہت پسند کر رہے ہیں اور کئی تو ان اشتہاروں کے ساتھ جڑی یادیں بیان کر رہے ہیں۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے فیصل قریشی سے دوبارہ ایسے اشتہارات بنانے کی فرمائش بھی کر دی۔
ان ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے فرحان حمید نامی صارف نے تحریر کیا کہ ’میں یوفون کے ان اشتہارات کو بہت مِس کرتا ہوں۔ دوبارہ کچھ کری ایٹیو ہو جائے۔‘
ارسلان حبیب نے اشتہار کے بننے پر لگنے والی محنت پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’جس قدر آپ نے محنت کی ہے، لگے ہاتھوں امریکی طرز کی ایک فلم ہی بنا لیتے۔‘
فیس بک صارف عبدالمجید کا کہنا تھا کہ ’یوفون والے اب کنجوسی کر رہے ہیں۔ اب ایسے اشتہار نہیں بناتے۔‘
وجاہت عباسی نامی صارف نے فیصل قریشی سے فرمائش کی: ’دوبارہ ایسے اشتہار بنائیں۔‘
فیس بک صارف منتہیٰ فرید نے یوفون کے ان اشتہاروں کے دور کو ’سنہری دن‘ قرار دیا۔