فٹ بالر لیونل میسی نے اتوار کو فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی جانب سے اپنا ڈیبیو کیا اور دوسرے ہاف کے دوران میدان میں اتر کر فرنچ لیگ میں رانز پر اپنی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گولز سے کامیابی دلائی۔
لیونل میسی میچ کے 66 ویں منٹ میں اپنے دوست اور بارسلونا کے سابق ساتھی نیمار سے گلے مل کر ان کی جگہ کھیل میں شامل ہوئے۔
بارسلونا کے 99 ہزار افراد کی گنجائش والے کیمپ نو سٹیڈیم میں میسی کے سالوں کے شاندار کھیل کے بعد چھ بار ’بالن ڈی اور‘ (یورپ کے بہترین کھلاڑی) اعزاز کے حامل اور چار بار چیمپئنز لیگ کے فاتح لیونل میسی نے پی ایس جی کی جانب سے اپنے پہلے میچ میں معمولی یعنی 20 ہزار افراد کی گنجائش والے سٹیڈیم ’سٹیڈ اگسٹے ڈیلوں‘ میں میچ کھیلا۔
گراؤنڈ میں موجود شائقین نے ’میسی میسی‘ کے نعرے لگائے جبکہ رانز کے گول کیپر پریڈراگ راجکوچ نے کھیل کے بعد میسی کی ایک بچی کو پکڑے ہوئے اور مسکراتے ہوئے تصویر کھینچی۔
پی ایس جی کے کوچ موریسیو پوچیٹینو نے میسی کے استقبال سے متاثر ہو کر کہا کہ دونوں ٹیموں کے حامی انہیں کھیلتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پوچیٹینو نے کہا: ’ان کا جو استقبال ہمارے اور رانز کے مداحوں نے کیا وہ دیکھنا اور سننا ایک خوبصورت چیز تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میسی اس پر بہت خوش تھے۔ ان کی موجودگی زیادہ جوش پیدا کرتی ہے، ہر کوئی اسے محسوس کر سکتا ہے اور اس کا اثر دوسرے کھلاڑیوں پر پڑتا ہے۔‘
میچ سے پہلے سینکڑوں شائقین میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ جب میسی ٹیم بس سے اترے تو انہوں نے شائقین کی جانب ہاتھ ہلایا۔
فٹ بال کے شائقین فٹ بالر پیلے اور ڈیاگو میراڈونا کی طرح ہمہ وقت عظیم فٹ بالروں میں سے ایک کو دیکھنا چاہتے تھے جسے میسی نے سراہا۔
میسی نے سالوں تک اپنی حیرت انگیز مہارت، بال پر کمال کنٹرول، ناچتے ہوئے پاؤں، پاسنگ اور کھیل میں آگے بڑھنے کی لگن سے سالوں تک مداحوں کو محظوظ کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پرانے کلب بارسلونا کے لیے 672 گولز کیے ہیں اور 2015 کی چیمپیئنز ٹرافی سمیت 35 ٹرافیز جیتی ہیں۔
34 برس کے میسی نے اپنی قوم کے لیے گذشتہ ماہ کوپا امریکہ کا ٹائٹل بھی جیتا تھا اور اب انہوں نے پی ایس جی فٹ بال کلب میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔