آئی سی سی ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو شکست دے دی ہے۔
افغانستان کی ٹیم نے پہلے بولنگ اور پھر بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 263 رنز کا ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میچ کے 48ویں اوور میں وہاب ریاض نے دو وکٹیں لے کر افغانستان کے لیے جیت کو کچھ حد تک مشکل کر دیا لیکن اچانک سرفراز احمد نے 49واں اوور شاداب خان کو دے دیا جس کے بعد آخری اوور میں جیت کے لیے صرف چار رنز ہی رہ گئے تھے۔
وہاب ریاض کو ورلڈ کپ کے سکواڈ میں شامل کرنے کا مقصد ریورس سوئنگ تھی اور انھوں نے وہ کر کے بھی دکھائی جس کا کم از کم افغان بلے بازوں کے پاس تو کوئی جواب نہ تھا۔ وہاب ریاض نے 7.4 اووروں میں 46 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کے علاوہ عماد وسیم نے اچھی بولنگ کی اور اپنے دس اووروں میں 29 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
لیکن یہ میچ افغانستان کی ٹیم نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی شعبوں میں پراعتماد انداز میں کھیلا اور لگ رہا تھا کہ وہ ایک پلان کے مطابق کھیل رہے ہیں۔
اوپنر محمد شہزاد کے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے جانے کے باوجود افغان ٹیم پر کوئی زیادہ فرق نہ پڑا اور حضرت اللہ زازئی اور حشمت اللہ شاہدی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
حشمت اللہ نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 63 رنز پر اس کے دونوں اوپنر واپس پویلین لوٹ چکے تھے۔
افغانستان نے شروع سے ہی دباؤ ڈالے رکھا اور پاکستانی بلے بازوں کو ویسا بڑا سکور کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا جو شاید کپتان سرفراز احمد کے ذہن میں تھا۔
گو کہ بابر اعظم نے سینچری سکور کی لیکن ان کے علاوہ صرف شعیب ملک ہی تھے جنھوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
ایسا بالکل نہیں لگ رہا تھا کہ یہ وہی پاکستانی ٹیم ہے جو رواں ماہ ہی انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران اسی میدان پر 358 رنز سکور کر چکی ہے۔
امام الحق اور فخر زمان کو مواقعے ملے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے، خود سرفراز احمد 13، سینیئر بلے باز محمد حفیظ 12 اور حارث سہیل صرف ایک رنز ہی بنا سکے۔
دوسری جانب افغانستان کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کی اور فاسٹ بولر اور سپنر دونوں نے ہی ایک ’پلان‘ کے مطابق بولنگ کی۔
افغان سپنرز نے پاکستانی بلے بازوں کو خاصہ پریشان کیے رکھا، اور نصف ٹیم کو بویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔ محمد نبی تین اور راشد خان دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے۔
پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے قبل اپنا دوسرا وارم اپ میچ 26 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔