ایلومینیئم پر سونے کے پانی چڑھے الفاظ سے سجے ’اسلامی تاریخ کے سب سے بڑے قرآن پاک‘ کے نسخے پر کراچی میں کام جاری ہے، جسے اکتوبر میں ہونے والے ’دبئی ایکسپو‘ میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یہ نسخہ آرٹس کونسل کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کے پرنسپل شاہد رسام بنا رہے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد رسام نے بتایا کہ 550 صفحات پر مشتمل قرآن پاک کے اس نسخے کے اب تک پانچ صفحات مکمل ہوچکے ہیں۔
ان کے مطابق قرآن پاک کے اس نایاب نسخے کو ڈیزائن کرنے میں انہیں کئی سال لگے۔
انہوں نے بتایا: ’اسلامی تاریخ میں منفرد سمجھے جانے والے پارسی، ترک، عربی اور کشمیری ڈیزائن کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد ہم نے یہ نیا ڈیزائن تخلیق کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شاہد رسام کے مطابق: ’کینوس پر یہ ایسا منفرد ڈیزائن بنا ہے جو دیکھنے میں پرنٹ لگتا ہے مگر اصل میں یہ پینٹ ہے، جس کے لیے انتہائی باریک برش کی مدد سے کام کیا گیا ہے۔ اس لیے اس نسخے کو بنانے میں اتنے سال لگے۔‘
تیاری کے مراحل کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پہلے کینوس پر ڈیزائن بنایا گیا، پھر ایلومینیئم سے الفاظ کو کندہ کرکے ان پر سونے کا پانی چڑھایا گیا۔ اب کینوس کو بچھا کر اس پر ایک ایک لفظ کو رکھ کر صفحہ مکمل کیا جائے گا۔‘
شاہد رسام نے بتایا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس سے پہلے دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک کا نسخہ افغانستان کے خطاط نے بنایا تھا، جو اب ماسکو کے ایک میوزیم میں موجود ہے۔ اس کی لمبائی تقریباً چھ اعشاریہ پانچ اور چوڑائی چار فٹ کے قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کا جو نسخہ وہ بنا رہے ہیں، اس کی لمبائی آٹھ اعشاریہ پانچ فٹ اور چوڑائی چھ اعشاریہ پانچ فٹ ہے۔
شاہد رسام کے مطابق: ’قرآن پاک کا یہ نسخہ 1400 سالہ اسلامی تاریخ میں ایلومینیئم اور سونے سے لکھا گیا دنیا کا پہلا اور سب سے بڑا نسخہ ہے۔‘