اگلے سال پاکستان میں ہونے والی نجی فٹ بال لیگ میں انگلش پریمیئر لیگ، سپینش لا لیگا اور جرمن بنڈس لیگا کے مایہ ناز سابق کھلاڑی کھیلتے نظر آئیں گے۔
کلبز کے رنگوں میں ملبوس انگلش اور جرمن کلبوں کے کھلاڑی پاکستانی لیگ میں جلوہ گر ہوں گے۔
انگلش فٹ بال کے مشہور ترین سابق کھلاڑی اور اپنے زمانے کے مایہ ناز سٹرائیکر مائیکل اوون تین سال کے لیے لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر ہوں گے۔
لیگ کا انعقاد گلوبل سوکر وینچرز نامی ایک نجی کمپنی کر رہی ہے اور جس میں چھ ٹیمیں پانچ ہفتوں میں کل 34 میچ کھیلیں گی۔ تمام کے تمام میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
ابھی تک لیگ کے آغاز کی تاریخ کا حتمی اعلان نہیں ہوا۔ تاہم انڈپینڈںٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے گلوبل سوکر وینچرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زیب خان نے بتایا کہ لیگ کا آغاز اگلے سال کے آغاز میں متوقع ہے۔
ان کے مطابق سابق بین الاقوامی سٹارز پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ بھی کریں گے۔
انگلش کلبز کے ساتھ شراکت داری کے حوالے سے زیب خان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ انگلینڈ کے بڑے کلبز کے ساتھ پارٹنرشپ کی جائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ لیگ مکمل طور پر نجی ہے اور اس کا پاکستان فٹ بال فیڈریشن یا اس سے منسلک حالیہ تنازعے سے تعلق نہیں۔
زیب خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فی الحال اس لیگ کے میچ کراچی میں ہوں گے مگر آگے چل کر انہیں دیگر شہروں میں لے جایا جائے گا اور ’ہوم‘ اور ’اوے‘ میچ ہوں گے۔
سکیورٹی صورت حال پر زیب خان نے کہا کہ فٹ بال ایک عالمی کھیل ہے اور دیگر بڑے کھلاڑی اس سے پہلے پاکستان آ چکے ہیں اور انہیں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔ ان کھلاڑیوں میں رائن گگز، لوئس فیگو، کاکا، کارلس پویول شامل ہیں۔