جنگ زدہ ملک شام کی نوجوان خاتون فٹ بال کھلاڑی رونا آئزوق کی خواہش ہے کہ وہ گیند کو کنٹرول کرنے کی تکنیک میں عالمی ریکارڈ توڑ دیں۔
21 سالہ رونا کا مقصد 40 سیکنڈ میں 93 کاؤنٹس کے ساتھ عالمی ریکارڈ توڑنا ہے۔
آرکیٹیکچر کی طالبہ رونا ایسے خاندان میں پلی بڑھی ہیں جہاں بہت سے فٹ بال کھلاڑی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ انہیں یہ صلاحیت اپنے والد سے ورثے میں ملی ہے۔
رونا نے دو مہینے پہلے اس وقت گیند کی تکنیک کی مشق شروع کی تھی جب انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرانے والی ایک اماراتی خاتون اریج حمادی کی ایک ویڈیو دیکھی، جنہوں نے ایک منٹ میں 86 کاؤنٹس مکمل کیے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رونا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا: ’جب میں نے ایک لڑکی کی ویڈیو دیکھی جس نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنایا تو میں نے سوچا کہ یہ ایک مشکل چیز ہے۔ میں نے سوچا کہ مجھے ایسا کرنے کے لیے ایک طویل وقت اور کوشش کی ضرورت ہے، لیکن میں نے اس پر کام جاری رکھا۔ میں گیند کو کنٹرول کرنا چاہتی تھی اور ویڈیو بنانے میں مجھے ایک ہفتہ لگا۔‘
شام میں 10 سال سے جنگ جاری ہے، جو ان کے خواب کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی ہے کیونکہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے جج ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے شام کا دورہ کرنے سے قاصر ہیں۔
رونا دمشق کی خواتین کی فٹ بال ٹیم ’واحدہ‘ کے لیے کھیلتی ہیں اور وہ دنیا کو دکھانا چاہتی ہیں کہ شامی خواتین اور نوجوان جو جنگ کے دوران بڑے ہوئے ہیں، بہت سی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔