دنیا میں کوکین کے سب سے بڑے برآمد کنندہ کے طور پر مشہور ملک کولمبیا میں انتہائی مطلوب منشیات کے سمگلر ’اوٹونیئل‘ کو گرفتار کر لیا گیا۔
کولمبیا کے سب سے بڑے گینگ ’گلف کلین‘ کے سربراہ ڈائرو انٹونیو یوسوگا کو پاناما کی سرحد کے قریب نیکوکلی میں ان کے ایک اہم ٹھکانے کے قریب سے پکڑا گیا۔
کولمبین حکام کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری حکومت کی ایک بڑی فتح ہے۔
حکومت کی جاری کردہ تصاویر میں 50 سالہ ڈائرو انٹونیو یوسوگا کو، جنہیں ’اوٹونیئل‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، فوجیوں کے گھیرے اور ہتھکڑیوں میں جکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دنیا کے سب سے خطرناک سمگلر کی گرفتاری کے بعد کولمبین صدر آئیون ڈیوک نے ایک پیغام میں کہا: ’یہ ہمارے ملک میں منشیات کی سمگلنگ کے حوالے سے اس صدی کی سب سے مشکل کارروائی تھی۔‘
صدر نے اس کا موازنہ بدنام زمانہ کولمبین نارکوٹکس ٹریفکنگ کنگپن پابلو اسکوبر کی گرفتاری سے کیا۔
تقریباً 500 فوجیوں کو 22 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نیکوکلی کے سرحدی قصبے میں آپریشن کرنے کے لیے اتارا کیا گیا جب کہ کارروائی کے دوران ایک پولیس افسر ہلاک ہوا۔
صدر ڈیوک نے کہا کہ ’یہ ہمارے ملک کی عسکری تاریخ میں جنگل میں کیا گیا سب سے بڑا آپریشن تھا۔‘
کولمبیا کے پولیس چیف جارج ورگاس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکام کو آپریشن میں امریکہ اور برطانیہ کی ایجنسیوں کی سیٹلائٹ مدد بھی شامل تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس کے مطابق اوٹونیئل یورابا خطے کے جنگل میں چھپے ہوئے تھے جہاں وہ ٹیلی فون کی بجائے رابطے کے لیے خط و کتابت پر انحصار کرتے تھے۔
ورگاس نے کہا کہ حکام کے خوف سے وہ بارشوں کے باوجود جنگل میں ہی بسیرا کیے ہوئے تھے اور کبھی بھی آبادی کے قریب نہیں آئے۔
ان پر 2009 میں امریکہ میں فرد جرم عائد کی گئی تھی اور انہیں امریکہ کے حوالے کرنے کی کارروائی کا سامنا ہے جہاں انہیں نیو یارک کی وفاقی عدالت کے پیش کیا جائے گا۔
امریکہ نے ان کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالرز مقرر کر رکھی تھی۔