سعودی عرب کا سب سے بڑا تفریحی میلہ ’ریاض سیزن‘ لوگوں میں مقبول

20 اکتوبر کو شروع ہونے والا ’ریاض سیزن‘ مارچ 2022 تک جاری رہے گا، جس میں سات ہزار سے زائد ایونٹس ہوں گے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری مملکت کے سب بڑے ثقافتی اور تفریحی میلے ’ریاض سیزن‘ میں دس دن سے بھی کم وقت میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد نے تقریبات میں شرکت کی ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق: ’ریاض سیزن‘ منعقد کروانے والی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی الشیخ کے مطابق مختلف تقریبات اور سرگرمیوں میں اب تک آنے والوں کی تعداد 10 لاکھ  ہوچکی ہے اور 55 کروڑ سعودی ریال کی آمدنی حاصل ہوچکی ہے۔

اس سے قبل الشیخ ایک ٹویٹ میں کہہ چکے ہیں کہ ’ریاض سیزن‘ کی گذشتہ دنوں کی تقریبات خاص طور پر اوپننگ پریڈ اور ریسلنگ کے ڈبلیو ڈبلیو ای کراؤن جیول ٹورنامنٹ کی ساری ٹکٹیں فروخت ہوگئیں۔

20 اکتوبر کو شروع ہونے والا ’ریاض سیزن‘ مارچ 2022 تک جاری رہے گا۔ اس میں سات ہزار سے زائد ایونٹس ہوں گے، جن میں 70 عرب کنسرٹس، چھ بین الاقوامی کنسرٹس، 10 بین الاقوامی نمائشیں، 350 تھیٹر شو، 18 عرب تھیٹر ڈرامے، چھ بین الاقوامی تھیٹر ڈرامے، ریسلنگ چیمپیئن شپ، کئی آرٹ انسٹالیشن، ریاض سیزن فٹ بال ٹورنامنٹ اور دو سو سے زائد ریستوران اور کیفے شامل ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ریاض سیزن‘ کی افتتاحی تقریب 20 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ عرب نیوز کے مطابق سیزن کا افتتاح ایک بڑی میوزیکل تقریب سے ہوا تھا، جسے 2760 ڈرون کیمروں نے فلمایا اور لائیو براڈکاسٹ کیا گیا۔ کیوبن امریکی گلوکار پِٹ بُل کے کنسرٹ کی بھی ساری ٹکٹیں فروخت ہوگئیں۔

سیزن کے دوسرے روز ریسلنگ ٹورنامنٹ ڈبلیو ڈبلیو ای کراؤن جیول میں سخت حریف گولڈ برگ اور بابی لیش لی کے درمیان  میچ ہوا۔ ریاض کے محمد عبدو ارینا میں ہونے والے اس میچ کی ٹکٹیں کئی گھنٹوں قبل ہی فروخت ہوگئی تھیں۔

جمعرات کو ’ریاض سیزن‘ کا ’ونٹر ونڈرلینڈ‘ زون بھی کھول دیا گیا۔

العربیہ ڈاٹ کام کے مطابق اس زون میں گیمز، سرگرمیاں اور تقریبات ہوں گی، جس میں بچوں کے لیے ’میجک ٹوائے باکس‘، دنیا کا پہلا موبائل ’سکائی لوپ‘، ’ہارر ہاؤس‘، سکیٹنگ رنک اور ڈانسنگ فاؤنٹین ہوگا۔

ایونٹس میں شرکت کے خواہش مند افراد ٹکٹ ’ریاض سیزن‘ ایپ پر خرید سکتے ہیں اور ٹکٹ کو مملکت کی کووڈ ٹریکنگ ایپ ’توکلنا‘ سے جوڑنا ہوگا۔

’ریاض سیزن‘ کا پہلا ایڈیشن 2019 میں منعقد ہوا تھا، جس میں 70 لاکھ سے زائد سیاحوں نے شرکت کی تھی۔

دوسری جانب دسمبر میں تاریخی خطے العلا میں ’ونٹر ایٹ طنطورہ‘ فیسٹیول  بھی شروع ہوگا۔

’نیشنل نیوز‘ کے مطابق 21 دسمبر سے 27 مارچ تک چلنے والے ریاض سیزن میں موسیقی، آرٹ، فیشن، کھانے، فٹنس، کنسرٹ، غبارے اور ہائیکنگ وغیرہ کے ایونٹس ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا