پاکستان میں انگلش پریمیئر لیگ کیسے دیکھیں؟

پاکستان میں انگلش پریمیئر لیگ دکھانے کے حقوق پاکستان ٹیلی ویژن کے پاس ہیں مگر صرف ایک ٹی وی چینل (پی ٹی وی سپورٹس) ہونے کے باعث زیادہ تر فٹ بال کرکٹ کی نذر ہو جاتی ہے۔

پاکستان میں جن شائقین کو فٹ بال، خاص طور پر انگلش پریمیئر لیگ، دیکھنے کا شوق ہے ان کا اکثر یہ شکوہ رہتا ہے کہ میچز براہ راست دیکھیں تو دیکھیں کہاں؟پاکستان میں سپورٹس چینلز کی کمی کے باعث انگلش پریمیئر لیگ سکرینز پر بہت کم نظر آتی ہے مگر پھر بھی شائقین کسی نہ کسی طریقے سے تمام میچز براہ راست دیکھ لیتے ہیں۔

قانونی طور پر اس خطے میں فٹ بال دکھانے کے حقوق صرف بھارتی ٹی وی چینل سٹار سپورٹس کے پاس ہیں۔ چونکہ سٹار سپورٹس کی نشریات کی پاکستان میں اجازت نہیں اس لیے پاکستان میں پی ٹی وی ان کے ساتھ اشتراک کر کے پاکستان میں میچز دکھاتا ہے۔

پاکستان میں انگلش پریمیئر لیگ دکھانے کے حقوق پاکستان ٹیلی ویژن کے پاس ہیں مگر صرف ایک ٹی وی چینل (پی ٹی وی سپورٹس) ہونے کے باعث زیادہ تر فٹ بال کرکٹ کی نذر ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ آج کل کرکٹ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران فٹ بال پی ٹی وی سپورٹس پر نظر نہیں آ رہی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹی وی کے علاوہ اور کیا آپشنز موجود ہیں؟

آن لائن سٹریمنگ ویب سائٹس

پاکستان میں بیشتر صارفین فٹ بال کے لیے آن لائن سٹریمنگ کا سہارا لیتے ہیں مگر زیادہ تر سٹریمنگ سائٹس غیر قانونی طریقے یعنی نشریات چوری کر کے دکھاتی ہیں۔ ان ویب سائٹس پر اشتہارات کی بھرمار ہوتی ہے جو کہ ناظرین کے لیے ایک ناپسندیدہ عمل ہے۔

بھارتی ڈش ٹی وی

سٹریمنگ کے علاوہ ایک اور طریقہ پاکستان میں ڈش کا ہے مگر پاکستان میں بھارتی ڈش بھی غیر قانونی ہے۔ بھارتی ڈش میں آپ کو سٹار سپورٹس کی نشریات مل جاتی ہیں۔ پیمرا نے حالیہ کچھ سالوں میں بھارتی ڈش کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے مگر پھر بھی آپ کو چند گھروں کی چھتوں پر ایک چھوٹی سے ڈش آویزاں نظر آتی ہے۔

مخصوص مقامی کیبل/براڈ بینڈ ٹی وی

پاکستان میں چند مخصوص مقامی کیبل آپریٹرز بھی شائقین کے شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے جس وقت فٹ بال میچ کا وقت آتا ہے تو فٹ بال کے چینل ٹیون کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ فیصل آباد اور اسلام آباد میں ایک انٹرنیٹ اور ٹی وی سروس مہیا کرنے والی کمپنی ہے جو کہ ایک قطری براڈ کاسٹر (BeIN Sports) کے چینلز دکھاتی ہے جس میں تمام میچز شامل ہوتے ہیں۔

آئی پی ٹی وی اور موبائل ایپس

پاکستان میں ایک ایپ بھی موجود ہے جو ماہانہ 750 روپے لے کر آپ کو پریمیئر لیگ دکھاتی ہے۔ اسی طریقے سے کئی اور آئی پی ٹی وی بھی کام کر رہے ہیں جو کہ بذریعہ انٹرنیٹ غیر قانونی طریقے سے فٹ بال صارفین تک پہنچاتے ہیں۔

حل کیا ہے؟

پی ٹی وی نے کرکٹ کے لیے ایک نئے چینل کا اعلان کیا ہے جس سے امید ہے کہ کرکٹ کا تمام رش اس چینل پر جائے گا جس سے دوسرے چینل پر فٹ بال دکھانے کی جگہ بن سکے گی۔

اس کے علاوہ پی ٹی وی کے پاس اور چینل بھی ہیں جن میں نیشنل اور بولان ہیں جن پر میچز کو دکھایا جا سکتا ہے مگر پی ٹی وی انتظامیہ نے فی الحال ایسا کوئی انتظام نہیں کیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل