انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق 2025 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کرے گا جس پر پاکستان نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے آٹھ نئے ٹورنامنٹس کا اعلان کرتے ہوئے 14 مختلف میزبان ممالک کی تصدیق کی اور کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کی بھی آفیشلی واپسی ہو رہی ہے۔
اس کے ساتھ آئی سی سی کی جانب سے ایک تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئندہ چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کرے گائ یہ 1996 کے بعد پاکستان میں کھیلے جانے والا پہلا بڑا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔
جبکہ آئی سی سی نے ایک اور دلچسپ اعلان بھی کیا ہے جس کے مطابق 2024 کے ٹی20 ورلڈ کی میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز کریں گے۔ یہ پہلا ایسا موقع ہوگا جب آئی سی سی کرکٹ ایونٹ امریکہ میں کھیلا جایے گا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’اب ہم دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان اس کھیل سے کتنی محبت کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا فاتح بھی پاکستان ہی ہے یعنی فروری 2025 میں پاکستان میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے ساتھ ساتھ پاکستان اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرے گا۔
Are you ready for the best-ever decade of men’s white-ball cricket?
— ICC (@ICC) November 16, 2021
Eight new tournaments announced
14 different host nations confirmed
Champions Trophy officially returnshttps://t.co/OkZ2vOpvVQ pic.twitter.com/uwQHnna92F
پاکستان نے 2017 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دی تھی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیموں کے درمیان 15 میچز کھیلے جائیں گے جن کا انعقاد تین مختلف مقامات پر ہوگا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی کے اس فیصلے سے بے حد خوش ہیں اور وہ آئی سی سی اور اس کے آزاد پینل کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک ایلیٹ ایونٹ کے لیے میزبان ملک کے طور پر پاکستان کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے بورڈ ممبران اور دنیا بھر کو پاکستان کرکٹ کی بھرپور قوت دیکھنے کا موقع ملے گا۔
رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ذریعے ’ہم دنیا کو باور کرائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں، جہاں ہم اس کھیل سے اپنی محبت کا مظاہرہ کریں گے۔‘
’یہ ایونٹ پاکستان میں رہنے والے شائقین کرکٹ کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔‘
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اب ہمیں آئی سی سی کی توقعات اور مقررہ معیار کے مطابق ایک ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ ’اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ایک ایسی مضبوط ٹیم بھی تیار کرنی ہے جو ہوم کراؤڈ کے سامنے میدان میں اترے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے۔‘