آئی سی سی کی جانب سے انگلینڈ کے کھلاڑیوں جیسن روئے اور جوفرا آرچر پر میچ فیس کا 15 فیصد جبکہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی الگ الگ شقوں کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
میچ کے دوران جیسن روئے نازیبا الفاظ کہتے ہوئے سنے گئے جبکہ تیز رفتار بولر جوفرا آرچر نے بولنگ کے دوران امپائر کے فیصلے پر نا پسندیدگی کا اظہارکیا تھا۔
پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر بھی سلو اوور ریٹ کی وجہ سے میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم کے باقی کھلاڑیوں پر 10 فیصد جرمانے عائد کیے گئے۔
پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو اس وقت ہزیمت اٹھانی پڑی جب ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں ساوتھ افریقہ کو مات سے دوچار کرنے کے بعد وہ پاکستان کو بھی ہرانے کے لیے پرعزم تھی لیکن انہیں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ میں شکست کے بعد انگلینڈ کے کپتان ائین مورگن کی جانب سے ٹیم کی فیلڈنگ پر تنقید کی گئی اور بنگلہ دیش کے خلاف ہفتے کو کھیلے جانے والے میچ کے لیے اس پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔