بھارت میں دو ماہ کے دوران اپنا 12 واں شو منسوخ ہونے کے بعد دلبرداشتہ بھارتی کامیڈین منور فاروقی نے سٹینڈ اپ کامیڈی سے دستبراری کا عندیہ دیا ہے۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹو ڈے‘ کے مطابق جنوبی شہر بنگلور کے گڈ شیفرڈ آڈیٹوریم میں ہونے والا شو ’ڈونگری ٹو نوویئر‘ اتوار کو منسوخ کر دیا گیا۔
اس کے جواب میں کامیڈین نے اتوار کو ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ میں دھمکیوں کی وجہ سے انہیں یہ بارہواں شو منسوخ کرنا پڑا۔
انتہا پسند ہندو گروپس کی جانب سے دی جانے مبینہ دھمکیوں کے بعد بنگلور پولیس نے منتظمین سے مزاحیہ اداکار منور فاروقی کے شو کو منسوخ کرنے پر زور دیا تھا۔
منتظمین کو لکھے گئے خط میں پولیس نے کہا: ’معتبر اطلاعات ہیں کہ کئی تنظیمیں اس سٹینڈ اپ کامیڈی شو کی مخالفت کر رہی ہیں اور یہ شو شہر میں افراتفری پیدا کر سکتا ہے اور عوامی امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔‘
پولیس نے مزید کہا: ’یہ معلوم ہوا ہے کہ منور فاروقی ایک متنازع شخصیت ہیں کیونکہ انہوں نے دوسرے مذاہب کے دیوتاؤں کے بارے میں متنازع بیانات دیے ہیں۔‘
پولیس کے مطابق اتوار کی صبح شو کو منسوخ کر دیا گیا۔
شو کی منسوخی کے بعد منور فاروقی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: ’نفرت جیت گئی، فنکار ہار گیا۔ میں یہ ختم کر رہا ہوں! الوداع! یہ ناانصافی ہے۔‘
Nafrat jeet hai, Artist haar gaya.
— munawar faruqui (@munawar0018) November 28, 2021
Im done! Goodbye! INJUSTICE pic.twitter.com/la4xmaeQ0C
انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کو ہونے والا ان کا شو، جس کی 600 سے زائد ٹکٹیں فروخت ہو گئی تھیں، پنڈال میں توڑ پھوڑ کی دھمکیوں کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔
انہوں نے لکھا: ’مجھے ایک مذاق کے لیے جیل میں ڈال دیا گیا لیکن میں نے اپنے شو کو کبھی منسوخ نہیں کیا کیوں کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ غیر منصفانہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کے شو کو ’بھارت میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی طرف سے بہت پیار ملا۔‘
منور فاروقی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے پاس شو کے لیے ’سنسر سرٹیفکیٹ‘ ہے لیکن دھمکیوں کی وجہ سے گذشتہ دو ماہ کے دوران ان کے 12 شوز منسوخ کر دیے گئے۔
سٹینڈ اپ کامیڈی سے دست براری کا عندیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ’میرا خیال ہے کہ یہ اختتام ہے۔ میرا نام منور فاروقی ہے اور میں یہ ختم کر رہا ہوں ۔ آپ لوگ بہت اچھے سامعین تھے۔ الوداع۔‘
رواں سال کے شروع میں منور فاروقی کو ایک ماہ سے زیادہ وقت جیل میں گزارنا پڑا تھا جب کچھ انتہا پسند ہندو گروہ ان کے ایک شو کے دوران مبینہ طور پر کیے گئے تبصروں سے ناراض ہو گئے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ پہلی بار نہیں کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے باعث کسی کامیڈین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارت کے ٹاپ سٹینڈ اپ کامیڈین ویر داس نے حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی میں پرفارم کرتے ہوئے ’ٹو انڈیاز‘ کے نام سے ایک مونولاگ پیش کیا جس میں انہوں نے بھارت سماجی مسائل اور ریپ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شو کے دوران داس نے بھارت کو تضادات سے بھرپور ملک بتایا جہاں لوگ ’دن میں خواتین کی پوجا کرتے ہیں لیکن رات کو ان کا ریپ کرتے ہیں۔‘
اس شو پر بھارت میں شدید تنقید ہوئی اور کچھ نے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے۔ ناقدین نے ان پر بھارت کو بدنام کرنے کا الزام لگایا ہے۔
ہندو قوم پرست حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان آدتیہ جھا نے داس کے خلاف ’ملک کی توہین‘ کے لیے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔