مہمان ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان رواں ہفتے شروع ہونے والی ایک روزہ بین الاقوامی سیریز منسوخ کردی گئی۔
سیزیز کی منسوخی کا اعلان دونوں بورڈز کی جانب سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے سکواڈ کے پانچ ارکان، جن میں تین کھلاڑی بھی شامل ہیں، کا جمعرات کو کرونا کا مثبت ٹیسٹ سامنے آیا۔
اس سے قبل بھی مہمان ٹیم میں چار کرونا کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ ہفتے کو شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز 2023 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ تھی۔
کرکٹ بورڈ کے حکام کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میچز اگلے سال جون میں دوبارہ شیڈول کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی حفاظت اور ویسٹ انڈیز کے سکواڈ میں کھلاڑیوں کی کمی کے پیش نظر کیا گیا۔
تاہم نئے کرونا کیسز کے سامنے آنے کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹوئنٹی 20 میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
پاکستان پہلے ہی دو میچ جیت کر سیزیز اپنے نام کر چکا ہے۔
ون ڈے سیریز کی منسوخی پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے کیوں کہ اس سے قبل حالیہ مہینوں میں سکیورٹی کی بنیاد پر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے بھی منسوخ ہو گئے تھے۔
ویسٹ انڈیز کے حکام نے بتایا کہ سکواڈ میں وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ، بائیں ہاتھ کے سپنر اکیل ہوسین، آل راؤنڈر جسٹن گریوز، اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹوک اور فزیشن اکشے مان سنگھ کے کرونا کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شیلڈن کوٹریل اور آل راؤنڈرز روسٹن چیس اور کائل میئرز پہلے ہی کرونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حکام نے بتایا کہ جن لوگوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے انہیں گھر جانے کی اجازت دینے سے پہلے کراچی میں الگ تھلگ ہونا پڑے گا۔
اکتوبر میں نیوزی لینڈ نے سکیورٹی الرٹ کے بعد پہلا میچ شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے 18 سالوں بعد ہونے والا دورہ ادھورا چھوڑ دیا تھا۔
اس کے بعد انگلینڈ نے اکتوبر میں طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا تھا۔
پاکستانی حکام ان دوروں کی منسوخی سے نالاں تھے جن کا کہنا ہے کہ ملک میں سلامتی کی صورت حال بہتر ہے۔